عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن قیموہ کی ٹیم نے کھڈونی بائی پاس پر مشکوک افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے ناکہ لگا دیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ایک شخص جس نے ایک بیگ اٹھا رکھا تھا اور مشکوک حالت میں گھوم رہا تھا، کو دھر لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 30 گرام چرس اور 5 سو گرام بھنگ جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدہ کی شناخت طالب حسین شیخ ولد خورشید حسین شیخ ساکن کے جی رینہ وانہ پوہ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن قیموہ میں این ڈی پی ایس کے متعقلہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر79/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منشیات فروش معاشرے میں منشیات پھیلا کر عام لوگوں بالخصوص نوجوان نسل کی زندگی کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں لہذا عوام الناس سے ایک بار پھر درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ضلع میں منشیات کے خلاف جنگ میں کولگام پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
کولگام میں منشیات فروش گرفتار، چرس جیسا مواد بر آمد: پولیس
