عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے ضلع ریاسی پولیس نے پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹ محمد شریف میراسی ولد غلام محمد، سکنہ سلدھر مہور کی جائیداد ضبط کر لی۔ یہ کارروائی ایس ایس پی ریاسی پرم ویر سنگھ کی نگرانی میں انجام دی گئی۔پولیس کے مطابق محمد شریف میراسی نے سال 2000 میں ملی ٹینٹ تنظیموں میں شمولیت اختیار کی تھی اور بعد ازاں 2010 میں اسلحہ، گولہ بارود حاصل کرنے اور تربیت حاصل کرنے کیلئے پاکستان فرار ہو گیا تھا تاکہ ہندوستان کے خلاف جنگ چھیڑنے کے عزائم کو آگے بڑھا سکے۔ابتدائی طور پر وہ حزب المجاہدین سے وابستہ تھا، لیکن بعد میں وہ کالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے جڑ گیا اور سرحد پار سے جموں و کشمیر میں ملی ٹینٹ سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سرگرم رہا۔پولیس نے بتایا کہ اس کارروائی کے تحت تین کنال اور چھ مرلہ زمین، جو کسرہ نمبر 138 اور 150 کے تحت آتی ہے، کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعہ 25 کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔یہ قانونی کارروائی ایف آئی آر نمبر 70/2024 سے منسلک ہے، جو تھانہ مہور میں درج کی گئی تھی، جس میں دفعات 61(2)، 148، 149 بی این ایس اور یو اے (پی) ایکٹ کی دفعات 13، 18، 20، 38 کے ساتھ ساتھ آئی ایم سی او ایکٹ کی دفعات 2/3 شامل ہیں۔ایس ایس پی ریاسی پرم ویر سنگھ نے کہا کہ یہ فیصلہ کن کارروائی ملی ٹینٹ تنظیموں کے مالی، لوجسٹک اور آپریشنل نیٹ ورک کو ختم کرنے کی حکمتِ عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضبطی سے اْن عناصر کو واضح پیغام دیا گیا ہے جو ملک کے اندر یا باہر بیٹھ کر ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر پولیس خطے میں امن، سلامتی اور استحکام برقرار رکھنے کے لئے ملی ٹینٹ تنظیموں کے ڈھانچوں اور سپورٹ نیٹ ورکس کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔