عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کی اپنی مسلسل کوششوں میں، سرینگر پولیس نے بدھ کو شہر بھر میں متعدد مقامات پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔ غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام) ایکٹ کے تحت جاری تحقیقات کے سلسلے میں، ملی ٹینٹ ساتھیوں اور ممنوعہ تنظیموں سے وابستہ اوور گرانڈ ورکرز کی رہائش گاہوں پر تلاشی لی گئی۔
مربوط تلاشی کارروائیاں سرینگر کے مختلف علاقوں میں چلائی گئیں، جن میں ملی ٹینسی سے متعلق سرگرمیوں میں سہولت کاری، مدد یا حوصلہ افزائی کرنے والے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔چھاپے جن 13افراد کی رہائش گاہوں پر ڈالے گئے ، ان میں عمر کالونی لال بازار کے اسرار احمد بلا ولد رفیع بلا، پالہ پورہ نورباغ کے شہباز احمد بھٹ ولد فاروق احمد ، سٹھسو کلاںکے فیاض احمد گنائی ولد غلام محمد ، برہان نذیر ولد نذیر احمد کشو ساکن بیرونی کاٹھی دروازہ ،ساجد مجید شاہ ولد عبدالمجید ساکن نوپورہ سکہ ڈافر، عاشق بشیر نجار ولد بشیر احمد اور عمر عادل ڈار ولد غلام حسن ساکنان سوئیہ ٹینگ، شبیر احمد گنائی ولد غلام محی الدین،اعجاز احمد بھٹ ولد عزیز احمد بھٹ،محمد الطاف گنائی ولد فیاض احمد ،فیاض احمد گنائی ولد محمد سلطان، منظور احمد ولد عبدالاحد بھٹ ساکنان نیو تھید اوراحسان احمد بھٹ عرف منہ ولد مرحوم محمد یوسف ساکن مغل محلہ رعنا واری حال اندرا نگر سرینگر شامل ہیں۔تلاشیاں مناسب قانونی طریقہ کار کے مطابق، ایگزیکٹو مجسٹریٹس اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں اور پولیس کے سینئر افسران کی نگرانی میں کی گئیں۔ان کارروائیوں کا مقصد مجرمانہ مواد جیسے دستاویزات، ڈیجیٹل آلات، اور جاری تحقیقات سے متعلق دیگر شواہد کو ضبط کرنا تھا۔ یہ چھاپے ایک وسیع تر انٹیلی جنس اکٹھا کرنے کی مشق کا بھی حصہ ہیں جس کا مقصد عوامی امن اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی سازشی یا سرگرمیوں کو روکنا ہے۔یہ فیصلہ کن کارروائی ملی ٹینسی سے متعلق اور ملک دشمن سرگرمیوں کو فروغ دینے یا اس کی حمایت کرنے میں ملوث تمام افراد کی شناخت اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کے جموں و کشمیر پولیس کے عزم کو واضح کرتی ہے۔