محمد تسکین
بانہال // بانہال سے دس کلومیٹر دور لامبر پنچایت لامبر کے وارڈ نمبر ڈو میں لکڑی کا ایک پل ٹوٹنے کیوجہ سے مقامی لوگوں کی نقل و حرکت محدود ہو کر رہ گئی ہے اور لامبر گاؤں کے وارڈ نمبر دو کے رہائشیوں نے مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے علاقے میں پچھلے قریب ایک سال سے تباہ حالت میں پڑے پل کی فوری مرمت کی جائے کیونکہ یہ پل عوامی حفاظت کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔لامبر پنچایت کے مقامی لوگوں کی طرف سے تحصیل انتظامیہ بانہال کو دی گئی ایک تحریری درخواست میں پل کی خستہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پل روزانہ درجنوں رہائشیوں، سکولی بچوں ، بزرگوں اور مال مویشیوں کی آمدورفت کیلئے استعمال ہوتا ہے اور اس کی خراب صورتحال سے رات کے اوقات میں اور مقامی خرابی کے دوران کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ یوتھ کلب پنچایت لمبر کے صدر شاہد خان نے کہا کہ یہ پل محکمہ جنگلات نے ابتک دوبار تعمیر کی جا ہے اور دونوں بار تباہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی مہینوں سے یہ پل غیر محفوظ حالت میں ہے اور اگر جلد مرمت نہیں کی گئی تو کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ لامبر پنچایت کے وارڈ نمبر دو کے رہائشیوں نے انتظامیہ سے فوری کارروائی کر کے پل کی مرمت یا ازسرِنو تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر ماضی میں کئی بار اعلیٰ افسروں کو جانکاری دی گئی ہے لیکن نہ محکمہ جنگلات اور ناہی محکمہ دیہی ترقیات کی طرف سے اس طرف کوئی توجہ دی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع رام بن انتظامیہ اور سب ضلع انتظامیہ بانہال کے حکام سے اپیل کی ہیکہ وہ اس پل کی تعمیر کیلئے فوری اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو مزید دشواریوں یا کسی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔