محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ اسکولی تعلیم پونچھ کی جانب سے گورنمنٹ ہائی اسکول اچھاد زون منکوٹ میں ’پانچ سالہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کامیابیاں اور مستقبل کے چیلنجز‘کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار و سائنس ایگزیبیشن کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔اس تقریب کا مقصد قومی تعلیمی پالیسی (NEP-2020) کے نفاذ کے پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر اس کی کامیابیوں کا جائزہ لینا اور آئندہ کے اہداف پر غور کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر عمران رشید کٹاریہ تھے، جبکہ پروگرام کی صدارت چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ مختار منہاس نے کی۔پروگرام کا آغاز روایتی چراغ روشن کرنے اور قومی ترانے کی ادائیگی سے ہوا۔مہمانِ خصوصی نے طلباء کے تیار کردہ سائنس ماڈلز کا معائنہ کیا، جن میں پانی کے تحفظ، بارش کے پانی کے ذخیرے، قابلِ تجدید توانائی، اور دیگر سائنسی موضوعات شامل تھے۔ انہوں نے طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں اور اساتذہ کی رہنمائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طلباء میں سائنسی سوچ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اپنے خطاب میں عمران رشید نے محکمہ تعلیم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ NEP 2020 کے اہداف کو زمینی سطح پر مؤثر انداز میں نافذ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ جدید تدریسی طریقے اپنائیں اور ٹیکنالوجی کو تدریس کا حصہ بنائیں تاکہ تعلیم زیادہ دلچسپ اور نتیجہ خیز بن سکے۔چیف ایجوکیشن آفیسر مختار منہاس نے اپنے خطاب میں پالیسی کے بنیادی اہداف پر روشنی ڈالی، جن میں فاؤنڈیشنل لٹریسی اینڈ نیومرسی نِپْن بھارت، ابتدائی بچپن کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تعلیم جیسے اہم پہلو شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں کو عملی سطح پر نافذ کر کے ہی تعلیمی معیار میں حقیقی بہتری لائی جا سکتی ہے۔اس موقع پر ہارون رشید راٹھور، طارق چغتائی، ہریش شرما، اور درشن کمار نے مختلف موضوعات پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں اور پالیسی کے مقامی نفاذ سے متعلق تجاویز بھی دیں۔پروگرام کا آغاز پرنسپل جاوید ہاشمی کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جبکہ پرنسپل ایچ ایس ایس منکوٹ محمد زبیر نے ووٹ آف تھینکس پیش کیا۔طلباء کی جانب سے رنگا رنگ ثقافتی پروگراموں نے تقریب کو مزید پْررونق بنا دیا۔اختتام پر نمایاں شرکاء ، اساتذہ اور طلباء کو یادگاری شیلڈز اور اسناد سے نوازا گیا۔