عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/لداخ انتظامیہ نے کانگریس کے کونسلر اسٹینزن تسپنگ سمیت 7 افراد کو رہا کر دیا ہے جن کو 24 ستمبر کو لیہہ میں ہونے والے پر تشدد احتجاج کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔لیہہ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد شفیع لاسو کے مطابق منگل کے روز لیہہ میں پر تشدد احتجاج کے سلسلے میں گرفتار تمام 7 افراد کو ضمانت دے دی گئی جن میں کانگریس کونسلر اسٹینزن تسپنگ،لیہہ ایپکس باڈی (ایل اے بی) کی خاتون صدر، انجمن معین الاسلام کے یوتھ صدر اور لداخ بدھسٹ ایسوسی ایشن(ایل بی اے) کے ارکان شامل ہیں۔
تسپنگ کی گرفتاری اس وقت متنازع بن گئی تھی جب تشدد کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نقاب پوش شخص کی لاٹھی اٹھائے تصویر وائرل ہوئی تھی۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا تھا کہ تصویر میں نظر آنے والا شخص تسپنگ ہے تاہم کانگریس لیڈر نے اس الزام کی سخت تردید کی تھی۔
کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے لیڈر سجاد کرگلی نے کہا کہ لیہہ آٹونومس پہاڑی ترقیاتی کونسل کے کونسلر اسٹینزن تسپنگ جنہیں حالیہ لیہہ تشدد میں جھوٹے مقدمےمیں پھنسایا گیا تھا، کو ضمانت مل گئی ہے۔انہوں نے کہااس سے بعض میڈیا اداروں اور سیاسی لیڈروں کی بے بنیاد پروپگنڈا مہم بے نقاب ہوگئی، اب یہ واضح ہے کہ یہ گرفتاریاں لداخ کی پر امن جمہوری تحریک کو بدنام کرنے کی ایک کوشش کا حصہ تھیں۔
ان کا کہنا تھاہم سونم وانگچک اور چھٹی شیڈول اور ریاستی درجے کے مطالبے کے لئے سرگرم کارکنوں سمیت زیر حراست تمام لیڈروں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔لاسو نے بتایااب تک تقریباً 70 گرفتار افراد میں سے 50 سے زیادہ کو ضمانت دی جا چکی ہے۔دریں اثنا ایل اے بی اور کے ڈی اے جو لداخ کے ریاستی درجے اور چھٹے شیڈول میں شمولیت کے مطالبے کی قیادت کر رہے ہیں، نے لداخ بھر میں دو گھنٹے کے پرامن خاموش مارچ اور شام کے وقت بلیک آئوٹ کے اعلان کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس پروگرام کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے۔یہ نیا احتجاجی اعلان اس وقت سامنے آیا جب مرکز اور لداخ کے لیڈروں کے درمیان طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ ان تنظیموں نے 24 ستمبر کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
لیہہ میں کانگریس کونسلر سمیت 7افراد رہا، ایل اے بی اور کے ڈی اے کا احتجاج کا پلان
