عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/سینئر لیڈر اور سابق وزیر چوہدری اعجاز احمد خان نے جموں و کشمیر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روایتی دربار موو کی مکمل بحالی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے ۔خان نے دربار موؤ کو خطے کے انتظامی ورثے کا اہم حصہ اور سرینگر و جموں دونوں دارالحکومتوں کے درمیان ایک مضبوط رابطہ قرار دیا۔ایک پریس بیان میں خان نے کہا کہ سول سیکریٹریٹ اور دیگر اہم دفاتر کو دونوں دارالحکومتوں کے درمیان منتقل کرنے کی تاریخی روایت نہ صرف سابق ریاست کی وحدت کی علامت تھی بلکہ اس سے دونوں خطوں کی مساوی ترقی اور عوام کو بہتر رسائی یقینی بنتی تھی۔
خان نے کہا دربار موو ٔمحض ایک انتظامی مشق نہیں تھی بلکہ یہ جموں و کشمیر کے درمیان انتظامی توازن، جذباتی یکجہتی اور ثقافتی ہم آہنگی کی ایک منفرد علامت تھی۔ اس نظام کو ختم کرنے سے دونوں خطوں کے درمیان جذباتی اور انتظامی خلا بڑھ گیا ہے۔سابق وزیر نے مزید کہا کہ پرانے نظام کے تحت دونوں صوبوں کے دور دراز اضلاع کے لوگوں کو سال میں دو مرتبہ اعلیٰ حکام اور فیصلہ سازوں سے براہِ راست ملاقات کا منصفانہ موقع ملتا تھا، جس سے شفافیت، جوابدہی اور شہریوں میں شمولیت کا احساس فروغ پاتا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دربار موو کی معطلی کے باعث اختیارات کا ارتکاز ایک ہی جگہ ہو گیا ہے، جس سے عوامی شکایات کے ازالے کا نظام متاثر ہوا ہے۔خان کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی اور انتظامی معاملات میں بلاوجہ تاخیر ہو رہی ہے کیونکہ افسران بڑی آبادی کے لیے ناقابلِ رسائی ہو گئے ہیں۔خان نے اس نظام کے معاشی پہلو پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہزاروں ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کی دونوں دارالحکومتوں کے درمیان نقل و حرکت سے مقامی تجارت، ٹرانسپورٹ اور ہوٹل انڈسٹری کو زبردست فروغ ملتا تھا۔انھوں نے کہا کہ یہ تاجروں، ٹرانسپورٹروں اور دیہاڑی داروں کے لیے معاشی ریڑھ کی ہڈی تھی، جو اب شدید مالی نقصان سے دوچار ہیں۔
جموں و کشمیر حکومت سے اپیل کرتے ہوئے خان نے تجویز دی کہ ایک ’’جائزہ کمیٹی‘‘تشکیل دی جائے جو اس نظام کو جدید، کم لاگت اور مؤثر طریقے سے بحال کرنے کی امکانات کا جائزہ لے، تاکہ روایت کا احترام بھی ہو اور انتظامی کارکردگی بھی برقرار رہے۔خا ن نے کہا کہ ہماری وراثت کو سہولت کی خاطر قربان نہیں کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ دربار موو ٔجموں و کشمیر کے طرزِ حکمرانی کی روح تھی یہ ہماری وحدت میں تنوع کی عکاسی کرتا تھا۔
سابق وزیر چودھری اعجاز احمد خان کا جموں کشمیر حکومت سے روایتی ’دربارموؤ‘ کی مکمل بحالی کا مطالبہ
