عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے نامزد راجیہ سبھا اُمیدواروں کی شاندار کامیابی کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے چاروں اُمیدوروں سے کہا کہ وہ خود کو عوام کیلئے وقف رکھیں اور جموں و کشمیر کے عوام کی آواز ملک کے سب سے بڑے ایوان میں بلند کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے چاروں نامزد اُمیدوروں کے کاغذات نامزدگی صحیح قرار پائے جانے کے بعد اپنی رہائش گاہ پر اُن سے ملاقات کے دوران کیا۔نامزدگی فارم قبول ہونے کے بعد چاروں اُمیدوار پارٹی صدر کی رہائش گاہ پر گئے ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انہیں مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کے عوام کے احساسات، جذبات اور اُمنگوں کی ترجمان جماعت ہے اور مجھے اُمید ہے کہ آپ ملک کے سب سے بڑے جمہوری ایوان میں لوگوں کی ترجمانی کرنے میں کوئی کثر باقی نہیں چھوڑیں گے اور اس کے علاوہ تعمیر و ترقی اور لوگوں کی زندگی بہتر بنانے میں پیش پیش رہیں گے ۔