عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //عوامی صحت کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر، ایم ایل اے تھنہ منڈی مظفر اقبال خان نے اتوار کے روز پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) منجاکوٹ میں جموں و کشمیر کی پہلی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی فل باڈی ہیلتھ اسکریننگ مشین کا افتتاح کیا۔یہ مشین کسی بھی سرکاری ہسپتال میں نصب ہونے والا پہلا اے آئی سسٹم ہے، جو ریاست میں جدید اور خودکار طبی سہولیات کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عام لوگوں کے لئے ٹیکنالوجی پر مبنی پیشگی طبی جانچ کو قابلِ رسائی بنانا ہے۔افتتاحی تقریب میں اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ڈاکٹر اے ایس بھاٹیا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم احمد، سربراہ شعبہ کمیونٹی میڈیسن ڈاکٹر شجاع قادری، اور چیف اکاؤنٹس آفیسر اشرف حقلہ سمیت دیگر افسران شامل تھے۔اس موقع پر ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مشینیں مریضوں کی بیماریوں کی جلد تشخیص میں مددگار ثابت ہوں گی اور دیہی و نیم شہری علاقوں میں علاج کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ آنے والے مہینوں میں تھنہ منڈی اور درہال ہسپتالوں میں بھی اسی نوعیت کی اے آئی پر مبنی ہیلتھ اسکریننگ مشینیں نصب کی جائیں گی تاکہ مقامی صحت کے ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔اس جدید نظام سے عوام کو غیر جارحانہ، تیز رفتار اور مکمل جسمانی جانچ کی سہولت میسر آئے گی، جس سے قبل از وقت بیماریوں کی تشخیص ممکن ہوگی اور صحت کے نظام میں ایک مثبت تبدیلی متوقع ہے۔