عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر الزام لگایا کہ وہ اپنی ناکامیوں سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے نیشنل کانفرنس کو بار بار تنقید کا نشانہ بناتی ہے۔ پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران انہوں نے کہا: ‘آج نیشنل کانفرنس کے تین امید وار راجیہ سبھا سیٹوں کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا رہے ہیں یہ لوگ پارلیمنٹ میں جموں وکشمیر کے لوگوں کی نمائندگی کریں گے اور عمر عبداللہ کی قیادت والی سرکار کے ترجمان ہوں گے ‘۔بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘بی جے پی نہ پہلے لوگوں کے مسائل کی بات کرتی تھی نہ آج کرتی ہے وہ صرف نیشنل کانفرنس کے منشور پر بحث کرتی ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی نامیوں کو چھپانے کے لئے نیشنل کانفرنس کو بار بار تنقید کا نشانہ بناتی ہے ۔چودھری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے لئے پر عزم ہے ۔انہوں نے کہا: ‘ریاستی درجے کی بحالی ہمارا سب سے بڑا مطالبہ ہے ، یونین ٹریٹری کا درجہ ہمیں بر داشت نہیں ہے ‘۔لداخ کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘جس لداخ نے یو ٹی کا درجہ ملنے پر خوشیاں منائیں آج وہ ناراض ہیں اور پریشان ہیں’۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عارضی ملازموں کا بھی ایک بڑا مسئلہ جس کو حل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح جموں وکشمیر کے اسمبلی انتخابات کے لئے عدالت عظمیٰ کی طرف سے فیصلہ آیا تھا اسی طرح ریاستی درجے کی بحالی کے لئے بھی عدالت عظمیٰ کی طرف سے ہی فیصلہ آئے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے لئے اگلی سماعت میں فیصلہ آئے گا اور وہ فیصلہ جموں وکشمیرکے لوگوں کے حق میں ہوگا۔