لیفٹیننٹ گورنر کی ویشنودیوی یونیورسٹی کی36 ویں ایگز یکٹیو کونسل میٹنگ کی صدارت
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نےراج بھون میں ویشنو دیوی یونیورسٹی کی 36ویں ایگزیکٹو کونسل میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں وائس چانسلر ایس ایم وی ڈی یو پروفیسر (ڈاکٹر) پرگتی کمار، وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر اومیش رائے، وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان، وائس چانسلر و چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ احمد آباد یونیورسٹی پروفیسر پنکج چندر، ڈائریکٹر راجیو گاندھی اِنسٹی چیوٹ آف پیٹرولیم ٹیکنالوجی امیٹھی پروفیسر اے ایس کے سنہا، ڈائریکٹر آئی آئی ٹی جموں پروفیسر منوج سنگھ گور، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، سی اِی او، ایس ایم وی ڈی ایس بی سچن کمار واشیا، رجسٹرار ایس ایم وی ڈی یو اَجے کمار شرما اور ایگزیکٹیو کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ایگزیکٹیو کونسل نے کئی اہم تعلیمی اور اِنتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا اورمیٹنگ میں پیش کئے گئے مختلف ایجنڈے کے نکات کی اصولی منظوری دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یونیورسٹی کو ہدایت دی کہ وہ قومی تعلیمی پالیسی۔ 2020کے مقاصد کے مطابق نصاب کو باقاعدگی سے اَپ ڈیٹ کرنے کے لئے مختلف اہم اقدامات اور پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیں اور ایس ایم وِی ڈِی یو کو قومی سطح پر ایک ممتاز تعلیمی ادارہ بنانے کی سمت میں کام کرے۔اُنہوں نے زندگی بھر سیکھنے کی مہارت، کمیونٹی سے روابط، داخلوں میں اِضافہ، صنعت کے ساتھ اِشتراک و نیٹ ورکنگ، قلیل مدتی کورسوں کے ذریعے مہارت میں اِضافہ، تحقیق، اِختراع، انکیوبشن، پیٹنٹس، فیکلٹی و سٹاف کو مضبوط بنانے اورآنے والے تعلیمی سال سے نئے پروگراموں کے آغاز پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یونیورسٹی کو ہدایت دی کہ زبانوں کے لئے ایک خصوصی فیکلٹی قائم کی جائے جہاں ہندی، ڈوگری، فرانسیسی اور جرمن کی مربوط کورسوں کی پیشکش کی جائے۔ اُنہوں نے غیر ملکی زبانوں اور تکنیکی کورسوں میں داخلہ لینے والے طلبأ کو ہندی اور ڈوگری زبانوں کو بھی سیکھنے کی ترغیب دینے پر زور دیا۔اُنہوں نے ایس ایم وِی ڈِی یو کو یونیورسٹی کے تمام ریکارڈز کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کو عملانے کی بھی ہدایت دی ۔میٹنگ میں یونیورسٹی میں جاری منصوبوں اور تعمیراتی کاموں، قومی تعلیمی پالیسی۔ 2020کی عمل آوری، داخلوں سے متعلق اہم معاملات، بھرتیوں، فیکلٹی کی پیشہ ورانہ ترقی، غیر تدریسی عملے کے لئے غیر عملی پروموشن، طالب علموں کی لائف سائیکل مینجمنٹ کے عمل کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور اِی۔سمرتھ ڈیش بورڈ کے اِستعمال کا بھی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز نے ویشنو دیوی یونیورسٹی کو اَپنے کیمپس پلیسمنٹ پروگرام کے تحت تین سال کی مدت کے لئے ’ٹی سی ایس پرائیرٹی کالج‘ کا درجہ دیا ہے۔وائس چانسلرویشنو دیوی یونیورسٹی پروفیسر (ڈاکٹر) پرگتی کمار نے منظوری اور توثیق کے لئے ایگزیکٹیو کونسل کے سامنے ایجنڈا کے مختلف آئٹمز پیش کئے۔