عظمیٰ نیوز سروس
جموں// حکومت ہند کی وزارت داخلہ نے ہتھیاروں کے لائسنس سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث آئی اے ایس افسران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی منظوری دینے کے بارے میں حتمی فیصلہ لینے کے لیے اضافی وقت مانگا ہے۔ یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب وزارت داخلہ نے جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جموں ونگ کے سامنے ایک تازہ حلف نامہ داخل کیا۔شیخ محمد شفیع اور دیگر بمقابلہ یونین آف انڈیا اور دیگر کے عنوان سے عوامی مفاد کی عرضی نمبر 09/2012) میں جمع کرائے گئے اپنے حلف نامہ میں، وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ، 7 اگست 2025 کو ڈویژن بنچ کے حکم کے بعد، 27 اگست، 2025 کو ایک میٹنگ بلائی گئی تھی، جس کی صدارت ایڈیشنل سیکریٹری (UT) نے کی تھی۔ ایف آئی آر میں نامزد آئی اے ایس افسران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی منظوری کے لیے سی بی آئی کی تجویز پر غور کرنے کے لیے حکومت جموں و کشمیر اور مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)کے افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر حکومت اور سی بی آئی دونوں کی گذارشات کی جانچ پڑتال کے بعد، وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا کہ قانونی چارہ جوئی کی منظوری کے حتمی فیصلے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے دونوں ایجنسیوں سے اضافی وضاحتیں طلب کی جائیں۔اس کے مطابق، یکم ستمبر 2025 کو جموں و کشمیر انتظامیہ اور سی بی آئی دونوں کو خطوط بھیجے گئے۔ جموں و کشمیر حکومت نے 26 ستمبر 2025 کوجواب دیا، جبکہ سی بی آئی کے جواب کا ابھی انتظار ہے۔ ایم ایچ اے نے کہا ہے کہ ایک بار سی بی آئی کا ان پٹ موصول ہونے کے بعد اس تجویز کی مکمل جانچ کی جائے گی اور مناسب فیصلہ لیا جائے گا۔چیف جسٹس ارون پلی اور جسٹس رجنیش اوسوال پر مشتمل ڈویژن بنچ کے سامنے ورچوئل موڈ کے ذریعے ہونے والی حالیہ سماعت کے دوران، عدالت کو بتایا گیاکہ اگرچہ MHA کی جانب سے ایک تازہ حلف نامہ داخل کیا گیا ہے، لیکن کچھ طریقہ کار کے اعتراضات کی وجہ سے اسے ابھی تک ریکارڈ پر نہیں رکھا گیا ہے۔ لہٰذا عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 نومبر 2025 تک ملتوی کر دی۔