یو این آئی
ولنگٹن /نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف آئندہ تین ہوم ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لئے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے ۔ای ایس پی این کے مطابق 14 رکنی سکواڈ میں مچل سینٹنر اور راچن راوندراکی واپسی ہوئی ہے ۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 18 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ مچل سینٹنر جو پیٹ کی سرجری کے بعد فٹ ہوئے ہیں، دوبارہ ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے جبکہ راچن راوندرا چہرے کی انجری سے صحتیاب ہوکر سکواڈ میں شامل ہو گئے ہیں۔ راچن راوندراکو آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل فیلڈنگ پریکٹس کے دوران چوٹ لگی تھی۔ادھر بین سیئرز جو گزشتہ ہفتے ٹریننگ کے دوران بائیں ہمسٹرنگ کی انجری کا شکار ہوئے تھے ،مکمل سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ کین ولیم سن بھی سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے ، تاہم وہ ون ڈے سیریز میں دستیابی کے لیے پُرامید ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کوچ راب والٹر نے کہا ہے کہ کین ولیم سن گزشتہ ماہ ایک معمولی طبی مسئلے سے گزرے ہیں اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں مکمل طور پر صحتیاب ہونے کے لیے مزید وقت دیا جائے ۔ ہم پُرامید ہیں کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے ٹیم دستیاب ہوں گے ۔نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ٹی20 سیریز کی زیادہ تر ٹیم کو برقرار رکھا ہے ۔ جمی نیشم جنہوں نے راچن راوندراکی جگہ اچھی کارکردگی دکھائی تھی کوسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے تاہم تجربہ کار لیگ سپنر ایش سودھی کو اس بار ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔کئی اہم کھلاڑی انجری کے باعث دستیاب نہیں ہیں، جن میں فن ایلن (پاؤں)، ایڈم ملنے (ٹخنہ)، وِل اورورک (کمر)، گلین فلپس (گروئن) اور لوکی فرگوسن (ہمسٹرنگ) شامل ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے اعلان کردہ سکواڈ میں مچل سینٹنر (کپتان)، مائیکل بریسویل، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے ، جیکب ڈفی، زیک فولکس، میٹ ہنری، بیوون جیکبز، کائل جیمیسن، ڈیرل مچل، جمی نیشم، راچن راوندرا، ٹِم رابنسن اور ٹِم سیفرٹ شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز بالترتیب 18، 20 اور 23 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے ۔