عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور سماجی بیداری کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے فوج نے گورنمنٹ اسکول موریاں میں منشیات کے استعمال کے خلاف ایک آگاہی مہم کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں ایک سو سے زائد طلبا، اساتذہ اور مقامی لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔تقریب کا آغاز ہیڈ ماسٹر مختیار احمد، اساتذہ اور گاؤں کے بزرگوں کی موجودگی میں ہوا، جنہوں نے بھارتی فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی پہل نوجوان نسل کو مثبت سمت دینے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔آگاہی پروگرام کے دوران ماہرین نے طلباء کو منشیات کے نقصانات، ان کے مضر اثرات اور اس سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف جسمانی و ذہنی صحت کے لئے تباہ کن ہے بلکہ یہ معاشرتی بگاڑ کا سبب بھی بنتا ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی میں مثبت رویہ اپنائیں اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو بھی منشیات سے دور رہنے کی تلقین کریں۔اس دوران شرکاء کو منشیات کی پہچان، نشے کی علامات اور اس سے بچاؤ کے اقدامات سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر فوجی افسران اور طلبہ کے درمیان خوشگوار تبادلہ خیال ہوا اور تمام شرکاء میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔