محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں بچوں کو فراہم کئے جانے والے مڈ ڈے میل کے معیار اور حفظان صحت کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ فوڈ سیفٹی نے ایک وسیع معائنہ مہم کا آغاز کیا ہے۔اس سلسلے میں محکمہ فوڈ سیفٹی کے اسسٹنٹ کمشنر، طارق محمود کی قیادت میں ایک اہم ٹیم نے ضلع کے اسکولوں میں جاری مڈ ڈے میل اسکیم کے انتظامات کا سخت معائنہ کیا۔ اس معائنہ کا بنیادی مقصد کچن میں صفائی، باورچیوں کی ذاتی حفظان صحت، اور بچوں کو فراہم کئے جانے والے کھانے کی اشیاء کے معیار اور تازگی کو پرکھنا تھا۔معائنہ ٹیم نے اچانک دورے کرتے ہوئے رانی سرموری گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول پونچھ کا خصوصی دورہ کیا۔ ٹیم نے کچن کی صفائی، برتنوں کی حالت، اور کھانا پکانے کے دوران صفائی کے اصولوں پر باریک بینی سے نظر رکھی۔ اس کے علاوہ، راشن کے ذخیرے جیسے اناج، دالیں اور تیل وغیرہ کی معیار اور ان کی میعاد (Expiry Date) کی تصدیق بھی کی گئی۔ ذخیرہ شدہ اشیاء کی وینٹیلیشن اور کیڑوں سے بچاؤ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق، زیادہ تر اسکولوں میں معیار تسلی بخش پایا گیا تاہم بعض مقامات پر بہتری کی گنجائش بھی موجود ہے۔اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ کھانے کی تیاری میں صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں پر ہرگز سمجھوتہ نہ کریں۔ انہوں نے باورچیوں کو بھی تاکید کی کہ کھانا تیار کرنے سے پہلے اور بعد میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور ہمیشہ صاف ستھرے کپڑے اور ہیڈ کور استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو صحت مند اور غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محکمہ فوڈ سیفٹی نے واضح کیا ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے اچانک اور سخت معائنہ جاری رہیں گے اور خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں یا عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔