عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کانگریس کی جانب سے ’خطرناک‘ سمجھی جانے والی نشست پر انتخاب نہ لڑنے کے فیصلے کے بعد، نیشنل کانفرنس اپنے ترجمان عمران نبی ڈار کو امیدوار کے طور پر نامزد کرے گی۔ذرائع نے بتایا کہ ڈار کو ممکنہ طور پر اس متنازعہ نشست کے لیے میدان میں اتارا جائے گا، جہاں حکمراں اتحاد کے پاس 24 ووٹ ہیں، جبکہ بی جے پی کے پاس 28 ووٹ ہیں۔
عمران نبی ڈار نے 2005 میں کشمیر یونیورسٹی سے صحافت میں گریجویشن کیا۔ وہ مرحوم این سی لیڈر اور سابق ایم ایل اے غلام نبی ڈار کے صاحبزادے ہیں، جو 2006 میں جنوبی کشمیر میں این سی کے جلوس کے دوران گرینیڈ حملے میں جاں بحق ہوئے تھے۔ اس حملے میں پانچ افراد، جن میں ڈار بھی شامل تھے، ہلاک ہوئے تھے جبکہ سینئر این سی لیڈر سکینہ ایتومحفوظ رہیں۔
44 سالہ عمران نبی ڈار نے 2014 میں اپنا پہلا اسمبلی انتخاب لڑا تھا، تاہم 2024 کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا، کیونکہ نیشنل کانفرنس نے کولگام حلقے میں سی پی آئی (ایم) کی حمایت کی تھی۔
راجیہ سبھا انتخابات:کانگریس کے انکار کے بعد نیشنل کانفرنس کا چوتھی نشست کے لیے عمران نبی ڈار کو نامزد کرنے کا امکان
