عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر ستی شرما نے پیر کے روز دو دیگر امیدواروں ڈاکٹر علی محمد میر اور راکیش مہاجن کے ہمراہ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے اپنے نامزدگی کے کاغذات جمع کرائے۔ یہ انتخابات 24 اکتوبر کو منعقد ہونے والے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، تینوں بی جے پی امیدواروں کے ساتھ وزیر مملکت برائے وزیر اعظم دفتر ڈاکٹر جتندر سنگھ، راجیہ سبھا کے رکن غلام علی کھٹانہ، اپوزیشن لیڈر سنیل شرما اور دیگر پارٹی ایم ایل ایز موجود تھے۔ وہ اسمبلی سیکرٹریٹ کمپلیکس پہنچے اور ریٹرننگ آفیسر کے سامنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔اسمبلی کے سیکریٹری منوج پنڈیتا اس انتخاب کے ریٹرننگ آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
بی جے پی کو ست شرما کے زیرِ مقابل نشست پر مضبوط پوزیشن حاصل ہے، جبکہ پارٹی نے ڈاکٹر علی محمد میر اور راکیش مہاجن کو ان نشستوں پر علامتی مقابلے کے لیے نامزد کیا ہے جن پر غالب امکان ہے کہ نیشنل کانفرنس کے امیدوار چودھری محمد رمزان اور سجاد کچلو کامیاب ہوں گے۔
حکمران اتحاد، جس کی قیادت نیشنل کانفرنس کر رہی ہے، باآسانی تین نشستیں جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ این سی نے چوتھی نشست، جسے خطرناک تصور کیا جا رہا تھا، کانگریس کو پیش کی تھی، تاہم کانگریس نے انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔
بی جے پی امیدواروں نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے نامزدگی کے کاغذات جمع کرائے
