عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//بین الاقوامی یومِ دخترکے موقع پر فوج نے پونچھ کے پائن ووڈ اسکول سبرا میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، جس کا مقصد صنفی مساوات کو فروغ دینا اور نوجوان لڑکیوں کو بااختیار بنانا تھا۔ اس موقع پر ایک معلوماتی لیکچر کا انعقاد کیا گیا جس میں معاشرے میں بچیوں کے حقوق، تعلیم کی اہمیت اور صنفی بنیاد پر ہونے والے تشدد کی روک تھام پر روشنی ڈالی گئی۔فوجی ترجمان کے مطابق، اس پروگرام کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا اور لڑکیوں کو اس قابل بنانا تھا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لا سکیں۔ مقررین نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ لڑکی نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔تقریب میں اسکول کی چار طالبات نے ’صنفی مساوات اور لڑکیوں کا مستقبل‘ کے موضوع پر اپنے خیالات پیش کئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرہ تب ہی ترقی کر سکتا ہے جب لڑکیوں کو تعلیم، عزت، اور مواقع مساوی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں۔پروگرام کے دوران رنگا رنگ ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں گیت، رقص، اور ایک خصوصی اسٹیج پرفارمنس ’آپریشن سندور‘شامل تھی، جس میں خواتین کے دفاعی شعبے میں نمایاں کردار کو اجاگر کیا گیا۔اختتام پر شرکاء میں اسٹیشنری تقسیم کی گئی اور مٹھائیاں و ریفریشمنٹ پیش کئے گئے۔ اس موقع پر طلباء و طالبات نے خوشی اور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صنفی مساوات کو فروغ دینے اور لڑکیوں کے لئے ایک محفوظ اور بااختیار ماحول فراہم کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، تاکہ وہ ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔