عشرت حسین بٹ
پونچھ// ممبر اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم نے گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب سرنکوٹ میں ایم ای ایس واٹر پوائنٹ سے پوٹھا آرمی کیمپ تک تارکول ڈالنے کے کام کا افتتاح کیا، جو حلقے میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ کام محکمہ تعمیرات عامہ کے ساتھ مل کر شروع کیا گیا ہے۔اس موقع پر چوہدری محمد اکرم کے ہمراہ محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران، مقامی رہائشی اور بزرگ شہریوں کے ساتھ طارق منہاس کے علاوہ علاقے کے دیگر سرکردہ افراد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد اکرم نے مساوی ترقی کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور لوگوں کو یقین دلایا کہ سرنکوٹ میں بہت جلد تمام زیر التواء سڑکوں کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیری کام کے معیار پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور متعلقہ اداروں کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ علاقے کے لوگوں نے طویل عرصے سے زیر التواء مطالبہ کو پورا کرنے اور سرنکوٹ کے دور دراز اور اہم علاقوں میں سڑک کے رابطے کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل کوششوں کے لئے ایم ایل اے کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں سرنکوٹ حلقہ انتخاب میں مزید ترقی کے کاموں کے ساتھ ساتھ عوام کو بہتر پانی بجلی تعلیم اور بہتر صحت نظام کو بنایا جائے گا۔