عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے ایک نیا حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات پورے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں منعقد ہوں گے۔اس اقدام کا مقصد NEP 2020 کے مطابق تشخیص کو زیادہ قابلیت پر مبنی اور طلبا پر مرکوز کرنا ہے۔ 2025 کے گورنمنٹ آرڈر نمبر 629-JK(Edu) مورخہ 11 اکتوبر 2025 کے مطابق، تمام سرکاری اور تسلیم شدہ پرائیویٹ اسکول کلسٹر یا کمپلیکس سربراہان کی نگرانی میں 2024-2023 کے سیشن کے تحت کلاس 8 ویں کے سالانہ امتحانات متعلقہ سکولوں میں انعقاد کریں گے۔نئے نظام میں باقاعدہ ابتدائی تشخیصات، کمزور طلبہ کے لیے تدارک کی تعلیم، اور ہر بچہ کامیابی کے ساتھ کلاس 9 تک پہنچنے کو یقینی بنانے کے لیے اضافی کوششیں شامل ہیں۔ DIETs تمام طلبا کے ڈیٹا کو برقرار رکھے گا اور کلسٹر ہیڈز کے ذریعے عمل درآمد کو مربوط کرے گا۔سکریٹری اسکول ایجوکیشن، رام نواس شرما کے ذریعہ جاری کردہ حکم میں، SCERT اور DIETs کو اساتذہ کو قابلیت پر مبنی سوالیہ پرچوں، ہولیسٹک پروگریس کارڈز اور تشخیص کے طریقوں کی تربیت دینے کی ہدایت ہے۔سکول کے سربراہان ان علاقوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مشترکہ سوالیہ پرچے مرتب کریں گے جہاں پرکھ راشٹریہ سرویکشن 2024 کی رپورٹ میں اضلاع کی کارکردگی خراب رہی ہے۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن امتحانات کے شیڈولنگ اور مانیٹرنگ کی نگرانی کریں گے۔شیڈول کے مطابق سمر زونز میں 20 مارچ سے پہلے اور ونٹر زونز میں 25 اکتوبر سے پہلے نتائج کا اعلان کیا جائے گا جبکہ نئی کلاسز کا آغاز بالترتیب یکم اپریل اور یکم نومبر سے ہوگا۔حکومت نے سکولوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ باقاعدگی سے پیش رفت کے اشتراک اور بات چیت کے لیے پیرنٹ ٹیچر میٹنگز کو مضبوط کریں۔