عظمیٰ نیوزڈیسک
پٹنہ// بہار اسمبلی انتخابات کے لیے این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم پر آخری مہر لگ گئی ہے۔ بی جے پی اور جے ڈی یو اب برابری کی بنیاد پر میدان میں اتریں گے۔ کل 243 سیٹوں میں سے بی جے پی کو 101 اور جے ڈی یو کو 101 سیٹیں ملیں گی۔ چھوٹے اتحادیوں کو بھی حصہ دیا گیا ہے۔ چراغ پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کو 29، جیتن رام مانجھی کی ہندستانی عوام مورچہ کو 6 اور اوپندر کشواہا کی راشٹریہ لوک مورچہ کو 6 سیٹیں ملیں گی۔ یہ فارمولہ نہ صرف اتحاد کی یکجہتی ظاہر کرتا ہے بلکہ 2020 کے انتخابات سے الگ حکمت عملی کا بھی اشارہ دیتا ہے۔پہلے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جے ڈی یو کو ‘بڑا بھائی’ کا درجہ دیا جائے گا اور اسے بی جے پی سے ایک یا دو سیٹیں زیادہ ملیں گی۔ کہا جا رہا تھا کہ جے ڈی یو کو 102-103 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ لیکن اب واضح ہو گیا ہے کہ بی جے پی نے جے ڈی یو کے ساتھ برابری کا فارمولہ اپنایا ہے۔ یہ فیصلہ این ڈی اے کی حکمت عملی کا بھی حصہ سمجھا جا رہا ہے، جہاں دونوں بڑے جماعتوں کو مساوی اہمیت دی گئی ہے۔بہار بی جے پی کے صدر دلیپ جیسوال نے کہا کہ این ڈی اے متحد ہے۔ ہم مضبوط اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا : ہم این ڈی اے کے ساتھیوں نے دوستانہ ماحول میں سیٹوں کی تقسیم مکمل کی ہے۔ جے ڈی یو 101، بی جے پی 101، ایل جے پی 29، آر ایل ایم 6 اور ہم پارٹی کو 6 سیٹیں ملی ہیں۔ این ڈی اے کی تمام جماعتوں کے لیڈر اور کارکنان خوشی سے اس کا استقبال کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار کو زبردست اکثریت کے ساتھ دوبارہ وزیراعلیٰ بنانے کے لیے پرعزم اور متحد ہیں۔وہیں چراغ پاسوان نے بھی اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے لکھا : ہم این ڈی اے کنبہ نے دوستانہ ماحول میں بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے لیے سیٹوں کی تقسیم مکمل کی ہے۔
بہار تیار ہے، پھر سے این ڈی اے حکومت، اس بار پوری طاقت کے ساتھ #BiharFirstBihariFirst کے ساتھ! سیٹ شیئرنگ کے اعلان کے بعد جیتن رام مانجھی کا بھی پہلا ردعمل آگیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’… کوئی ناراضگی نہیں تھی۔ لوک سبھا میں ایک سیٹ ملی تو کیا ہم ناراض تھے؟‘‘سیٹوں کی تقسیم کے فیصلے کے ساتھ ہی بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اس میں وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ سمیت بی جے پی کے سینئر رہنما موجود ہیں اور ممکن ہے کہ بی جے پی چند ہی گھنٹوں میں اپنے امیدواروں کا اعلان بھی کر دے۔ کہا جا رہا ہے کہ پہلے مرحلے کے امیدواروں کے نام بی جے پی نے طے کر لیے ہیں۔