عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کٹھوعہ میں ایک قتل کیس کو حل کرکے ملزم کو گرفتار کیا ہے اور آلہ قتل کو بھی بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ 2 اکتوبر کو پولیس اسٹیشن کٹھوعہ کو معتبر ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ ایک نامعلوم شخص کو تیز دھار ہتھیار سے قتل کیا گیا ہے اور اس کی لاش نالہ نارولیاں میں پڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اطلاع پر پولیس اسٹیشن کٹھوعہ میں بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 482/2025 نا معلوم شخص کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا اور تفتیش شروع کی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران مقتول کی شناخت روپ دمن عرف دمن ولد اندرجیت شرما ساکن گووندر سر کٹھوعہ، عمر تقریباً 17 یا 18 برس، کے طور پر ہوئی اور 3 اکتوبر 2025 کو جی ایم سی کٹھوعہ میں قانونی کارروائیاں مکمل کی گئیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ کٹھوعہ پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور تکنیکی معاونت اور مقامی ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر مختلف مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں شواہد اور معلومات کی بنیاد پر پولیس نے روشن کمار ولد رمیش کمار عرف شکتی کمار ساکن وارڈ نمبر 6، گووند سر ضلع کٹھوعہ کو بتلی موڈ کٹھوعہ سے گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے جرم کا اعتراف کیا اور ایک موٹر سائیکل جس کا چیسیس نمبر 05L16C32506 ہے، کو بھی موقع پر ہی ضبط کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں 6 اکتوبر 2025 کو ملزم کے انکشاف پر آلہ قتل نالہ کھوخھیال سے بر آمد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم فی الوقت پولیس ریمانڈ میں ہے اور اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا اس جرم میں کوئی دوسرا شامل ہے یا نہیں۔
کٹھوعہ میں قتل کیس حل، ملزم گرفتار،آلہ قتل بر آمد: پولیس
