محمد تسکین
بانہال // جمعہ کی صبح جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن کے سیری علاقے میں پیش آئے سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں پیشے سے وکیل ایک شخص کی موت واقع ہوئی جبکہ ٹرک اور کار کے اس تصادم میں ٹرک ڈرائیور کے علاوہ ڈگڈول سے ٹرک میں سوار ہوئے تین طالب علم بھی زخمی ہوئے ہیں اور چاروں زخمی ضلع ہسپتال رام بن میں زیر علاج ہیں اور انکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی صبح سیبوں سے بھرا ایک ٹرک زیر نمبر JK-02CB/6795نے رام بن کے سیری علاقے میں اُکڑال سے رام بن کی طرف آرہی ایک سویِفٹ کارنمبر JK-19A/1478کو پیچھے سے ٹکر مار دی اور یہ ٹرک الٹ کر کار کو شدید نقصان پہنچایا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس حادثے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے اور تمام زخمیوں کو رام بن پولیس اور سول کیو آر ٹی رام بن کے رضاکاروں کی مدد سے فوری طور پر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے 36سالہ وکیل بامن سنگھ بالی ولد رام سنگھ ساکنہ پانچل اُکڑال پوگل پرستان ضلع رام بن کو مردہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس حادثے میں ٹرک میں سوار ڈرائیور کے علاوہ ڈگڈول سے ٹرک میں سوار ہوئے تین طالب علم بھی شامل ہیں اور تمام ضلع ہسپتال رام بن میں زیر علاج ہیں اور انکی حالت بہتر ہے ۔ پولیس نے زخمیوں کی شناخت ٹرک ڈرائیور فیضان ولد محمد وسیم ساکن ڈوڈہ ، راہول سنگھ ولد رگھو ویر سنگھ ، رمنیک سنگھ ولد مان سنگھ اور نشانت سنگھ ولد مان سنگھ ساکنان ڈگڈول رام بن کے طور کی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ضروری قانونی لوازمات مکمل کرنے بعد لاش کو آخری رسومات کیلئے ورثا کے سپرد کیا گیا ہے ۔بار ایسوسی ایشن رام بن ، بار ایسوسی ایشن بانہال اور کئی سیاسی و سماجی کارکنوں نے ایڈوکیٹ بامن سنگھ کی المناک موت پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔