عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر میں حکمراں نیشنل کانفرنس نے جمعہ کو 24 اکتوبر کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کیلئے اپنے 3 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا اور کہا کہ چوتھی نشست کے لیے کانگریس کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اپنے امیدواروں کے طور پر چودھری محمد رمضان، شمی اوبرائے اور سجاد کچلو کے ناموں کو حتمی شکل دی ہے۔ساگر نے کہا”پارٹی نے ایک سیٹ کھلی رکھی ہے، اور کانگریس کے ساتھ بات چیت جاری ہے”۔این سی لیڈروں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا وہ کانگریس کے لیے تین محفوظ سیٹوں میں سے ایک کو چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا انہیں۔ اتحاد کے پاس چوتھی نشست کے لیے 24 ووٹ ہیں اور بی جے پی کے پاس 28 ووٹ ہیں۔کپواڑہ ضلع سے تعلق رکھنے والے سینئر این سی لیڈر رمضان گزشتہ سال کے اسمبلی انتخابات میں پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد لون سے ووٹوں کی معمولی فرق سے ہار گئے تھے۔اوبرائے، ایک تاجر سے سیاست دان بنے، پارٹی کے خزانچی اور سکھ چہرہ ہیں، جب کہ کِچلو، ایک سابق وزیر اور کشتواڑ کے سابق ایم ایل اے، گزشتہ سال کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے شگن پریہار سے ہار گئے تھے۔جموں و کشمیر میں راجیہ سبھا کی چار سیٹیں ہیں۔ساگر نے کہا کہ این سی کی کور کمیٹی کی میٹنگ کے بعد ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا پارٹی نے 11 نومبر کو ہونے والے بڈگام اسمبلی ضمنی انتخاب کے لیے اپنے امیدوار کے نام پر غورکیا ہے، این سی لیڈر ناصر اسلم وانی، جو ساگر کے ساتھ تھے، نے کہا کہ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے امیدواروں کا فیصلہ کرنا ایک ترجیح ہے، کیونکہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ قریب آ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا، “اس (بڈگام ضمنی انتخاب)کے لیے ملاقاتیں اور بات چیت ہوگی۔یہ سیٹ اس وقت خالی ہوئی جب عمر عبداللہ نے اسے خالی کر دیا اور گزشتہ سال کے اسمبلی انتخابات میں دونوں حلقوں سے جیتنے کے بعد گاندربل سیٹ کو برقرار رکھا۔ انہوں نے سپریم کورٹ کی طرف سے ریاستی درجہ بحالی پرمرکز کو چار ہفتوں کا وقت دینے کا بھی خیر مقدم کیا۔انکا کہنا تھا کہ”ہم ٹائم فریم کا خیرمقدم کرتے ہیں، اور پر امید ہیں کہ کوئی فیصلہ لیا جائے گا اور ریاست جموں و کشمیر کو بحال کر دیا جائے گا،” ۔