اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ کی سب ڈویژن گندوہ میں پولیس کی سفارش پر منصف کورٹ نے ایک شخص کو عوامی جگہ پر کھلے عام شراب نوشی کرنے کے الزام میں ایک ہفتہ کی سماجی خدمت (کمیونٹی سروس) کی سزا دلوائی۔ضلع میڈیا سیل ڈوڈہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ گندوہ کے دائرہ اختیار میں سجاد حسین ولد محمد یوسف ساکن کنڈولو ہزاری کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 355کے تحت شکایت درج کی گئی جس میں یہ الزام عائد کیا گیا کہ مذکورہ شخص شراب نوشی کی وجہ سے کنڈولو بھڑگی بازار میں خلل ڈالنے، بدنظمی و غیر اخلاقی رویہ پیدا کررہا تھا۔مقدمے کی مکمل جانچ کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس گندوہ نے ملزم کو قصوروار پایا اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال گندوہ میں سات (07) دن کی کمیونٹی سروس کی سزا سنائی گئی۔ یہ سروس 10 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک روزانہ صبح 10:00 بجے سے دوپہر 01:00بجے تک انجام دی جائے گی۔یہ فیصلہ پولیس سٹیشن گندوہ کی جانب سے اس سال جاری کی گئی کمیونٹی سروس کی سزا کی دوسرا واقعہ ہے جو کمیونٹی پر مبنی انصاف کو فروغ دینے اور رویے میں اصلاح کی کوششوں پر محکمہ کی مسلسل توجہ کو اجاگر کرتا ہے۔