عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر میں لاجسٹکس اور نقل و حمل کے لیے ایک تاریخی کامیابی میں، شمالی ریلوے نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دو سامان کے ریکوں کو بیک وقت اتارا ہے۔سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر، جموں ڈویژن، اچیت سنگھل نے کہا کہ ماروتی سوزوکی گاڑیوں سے لدے ہوئے NMG (نیو موڈیفائیڈ گڈز) ریکوں کی پہلی دوہری اتاری جموں ڈویژن کے گڈز شیڈ ٹرمینلز، جموں میں بڑی برہمنا اور وادی کشمیر میں اننت ناگ پر کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ دو آٹوموبائل ریک دہلی ڈویژن کے گروگرام سے بڑی برہمنا گڈز شیڈ اور جموں ڈویژن کے اننت ناگ گڈز ٹرمینلز تک پہنچائے گئے ۔بڑی برہمنا ٹرمینل پر مختلف ماڈلز کی کل 113گاڑیاں اتاری گئیں، جبکہ اننت ناگ ٹرمینل پر 118گاڑیاں اتاری گئیں۔سنگھل نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب جموں ڈویژن کے دونوں گڈز ٹرمینلز پر ایک ہی دن میں اتنی بڑی تعداد میں گاڑیاں اتاری گئی ہیں، جو ایک اہم تاریخی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ اتاری جانے والی گاڑیوں میں ماروتی سوزوکی کے مشہور ماڈلز جیسے کہ آلٹو، بریزا، ایکو، ڈیزائر، ویگن آر، ایس پریسو، اگنیس، سپر کیری، اور ارٹیگا شامل ہیں، جو بڑھتی ہوئی طلب اور ریل ٹرانسپورٹ کے ذریعہ پیش کردہ موثر سپلائی چین کی سہولت کی عکاسی کرتی ہیں۔انکاکہناتھا’’یہ جموں اور کشمیر میں لاجسٹکس کیلئے ایک تاریخی دن ہے۔ روڈ ٹرانسپورٹ پر ہندوستانی ریلوےکیلئےتجارت اور صنعت کی بڑھتی ہوئی ترجیح ریلوے کی طرف سے پیش کردہ لاگت اور وقت کی استعداد کا ثبوت ہے‘‘۔انہوں نے کہا “مال بردار مصنوعات کے مضبوط پورٹ فولیو کے ساتھ، شمالی ریلوے نہ صرف خراب ہونے والے سامان، کورئیر کی خدمات، اور سیمنٹ کیلئے بلکہ بڑی مقدار میں گاڑیوںکیلئے بھی نقل و حمل کا ایک پسندیدہ ذریعہ بن گیا ہے”۔سنگھل نے کہا کہ یہ کامیابی خطے میں لاجسٹک لینڈ سکیپ کی تیز رفتار تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے۔انکامزید کہناتھا’’روایتی طور پر، سڑک کی نقل و حمل کی طرف ایک مضبوط تعصب رہا ہے تاہم، جدید انفراسٹرکچر، قابل اعتماد، اور ریلوے ٹرانسپورٹ کے اقتصادی فوائد اس تصور کو بدل رہے ہیں‘‘۔