محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے مرکزی بس اسٹینڈ کے علاقے میں گزشتہ چند دنوں سے کچھ نامعلوم باہری ریاست کے افراد کی موجودگی اور ان کی سرگرمیوں نے عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔اطلاعات کے مطابق یہ افراد سڑک کنارے بیٹھ کر مختلف جڑی بوٹیوں کو ’’قدرتی دوائیں‘‘ قرار دے کر لوگوں کا علاج کرنے کے دعوے کر رہے ہیں اور بھاری قیمتوں پر ان جڑی بوٹیوں کو فروخت بھی کر رہے ہیں۔مقامی عینی شاہدین کے مطابق یہ لوگ اپنے آپ کو روایتی معالج ظاہر کرتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کے پاس ہر مرض کا قدرتی علاج موجود ہے تاہم، نہ تو ان کے پاس کسی مستند طبی ادارے یا محکمہ صحت کا لائسنس ہے، اور نہ ہی ان کے دعووں کی کوئی سائنسی بنیاد موجود ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ نامعلوم جڑی بوٹیوں کے استعمال سے عوام کی صحت کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ایک مقامی دکاندار نے بتایا کہ یہ لوگ روزانہ بس اسٹینڈ کے قریب بیٹھ جاتے ہیں، کبھی جڑی بوٹی دکھا کر کہتے ہیں یہ شوگر ختم کر دیتی ہے، کبھی کسی کو بلڈ پریشر کا علاج بتاتے ہیں۔ کئی سادہ لوح لوگ ان کے جال میں پھنس جاتے ہیں۔عوامی حلقوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ان مشکوک سرگرمیوں کی تحقیقات کی جائیں، ان افراد کی شناخت معلوم کی جائے اور غیر قانونی طریقے سے فروخت کی جا رہی ان اشیاء پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر وقت رہتے کارروائی نہ کی گئی تو یہ معاملہ کسی بڑے صحت عامہ کے بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق، عوام کی جان و صحت سے اس طرح کا کھلواڑ ناقابلِ برداشت ہے اور ذمہ دار اداروں کو فوری قدم اٹھانا ہوگا۔پونچھ کے باشعور شہریوں نے زور دیا کہ انتظامیہ اس معاملے کو معمولی نہ سمجھے بلکہ بس اسٹینڈ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ایسے تمام مشکوک افراد کی سرگرمیوں پر مستقل نگرانی رکھی جائے تاکہ عوام کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔