ٹی ای این
سرینگر//شمالی ریلوے نے جموں و کشمیر میں لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔ پہلی مرتبہ ریاست میں دو مال بردار ریکوں کی بیک وقت اَن لوڈنگ کی گئی۔یہ عمل جموں ڈویژن کے دو مختلف گڈز شیڈ ٹرمینلز بری برہمنا اور اننت ناگ میں انجام دیا گیا۔ یہ دونوں ریک ماروتی سوزوکی کی گاڑیوں سے بھری ہوئی تھیں، جو گڑگاؤں (دہلی ڈویژن)سے یہاں پہنچائی گئیں۔جموں ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اْچت سنگھل کے مطابق بری برہمنا ٹرمینل پر 113 گاڑیاں جبکہ اننت ناگ ٹرمینل پر 118 گاڑیاں اتاری گئیں۔سنگھل نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ایک ہی دن میں اتنی بڑی تعداد میں گاڑیاں دونوں ٹرمینلز پر بیک وقت اْتاری گئیں، جو ریلوے کی ایک تاریخی کامیابی ہے۔ان کے مطابق ان گاڑیوں میں ماروتی سوزوکی کے معروف ماڈلز جیسے آلٹو، بریزا، ایکو، ڈیزائر، ویگن آر، ایس پریسو، اگنس، سپر کیری اور ارٹیگا شامل ہیں۔سنگھل نے کہا کہ یہ دن جموں و کشمیر کے لاجسٹکس شعبے کیلئے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ صنعت و تجارت کا بڑھتا ہوا رجحان سڑک کے بجائے ریلوے ٹرانسپورٹ کی طرف اس بات کا ثبوت ہے کہ ریلوے نہ صرف کم لاگت بلکہ وقت کی بچت کے لحاظ سے بھی بہتر ذریعہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شمالی ریلوے اب صرف سیمنٹ، کوریئر اور جلد خراب ہونے والی اشیاء ہی نہیں بلکہ بڑی تعداد میں آٹوموبائلز کی نقل و حمل کے لیے بھی ترجیحی ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔سنگھل نے کہا کہ یہ کامیابی جموں و کشمیر میں لاجسٹکس کے تیزی سے بدلتے ہوئے منظرنامے کی عکاس ہے۔