عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//فیڈریشن آف آل پرائیویٹ سکولز آف انڈیا کی جانب سے سرینگر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی پروگرام جس میں یوٹی بھر سے معروف سرکاری و غیر سرکاری عہدیداران نے شرکت کی ،میں چنندہ اور معیاری پرائیویٹ سکولز کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقعہ پر قومی سطح کی آرگنائزیشن فیڈریشن آف آل پرائیویٹ اسکولز آف انڈیا کی جانب سے نامور عالم دین اور ماہر تعلیم مولانا غلام قادر کو ان کی گرانقدر اور تاریخ ساز تعلیمی و سماجی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا جسے مولانا موصوف کی جانب ان کے صاحبزادے وحید احمد بانڈے نے وصول کیا ۔مولانا موصوف جنہوں نے جموںوکشمیر کے پسماندہ اور دور دراز کے سرحدی علاقہ پونچھ میں نصف صدی قبل ایک تعلیمی ادارے کی بنیاد ڈالی جہاں دینی علوم اور جدید علوم کے لئے الگ تعلیمی مراکز قائم کئے بچے اور بچیوں کیلئے تعلیمی ادارے قائم ہیں۔ اسکے علاوہ فلاحی کاموں میں مولانا کی خدمت قابل ذکر ہیں۔ مولانا موصوف کا یہ امتیاز رہا ہے کہ انہوں نے نصف صدی قبل کے حالات میں جہاں دینی ادارے قائم کئے وہاں جدید علوم کے تعلیمی ادارے بھی قائم کئے ساتھ ہی ساتھ بچیوں کی تعلیم کے تئیں بہت سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کیں جسکے نتیجے میں آج ریاست کا کوئی ایسا گوشہ نہیں ہے جہاں مولانا موصوف کے شاگرد موجود نہ ہوں۔ یہ واحد ایسا دینی ادارہ جہاں سے علماء دین کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز،انجینئرزاور آفیسرز تیار ہوکر نکلتے ہیں۔ تعلیمی خدمات کے ساتھ مولانا نے مذہبی اور فکری ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مثالی کام کیا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ یوٹی بھر کے تمام طبقات مولانا کو انتہائی قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ضیاء العلوم گروپ آف انسٹیٹیوٹ کے تحت چار تعلیمی ادارے اور مختلف فلاحی شعبہ جات کے ذریعے مولانا غلام قادر کا وسیع اور عظیم تعلیمی و سماجی مشن ملک اور قوم کی بے لوث خدمات انجام دے رہا ہے۔ مولانا موصوف ملک کی ممتاز ملی تنظیموں کے رکن بھی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مولانا ایک قومی سطح کی شخصیت ہیں جن کی شناخت اور احترام یوٹی بھر کے علاوہ ملک بھر میں ہے۔ کئی سرکردہ شخصیات نے مولانا کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملنے پر مبارک بادی کے پیغامات بھیجے ہیں اور مذکورہ آرگنائزیشن کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ سرینگر میں منعقدہ اس پروگرام میں ممبر پارلیمنٹ غلام علی کھٹانہ، وزیر اعلی کے سیاسی مشیر ناصر اسلم وانی ،جموں کشمیر پرائیویٹ سکول ایسو سی ایشن کے صدر غلام نبی وار کے نام نمایاں تھے۔