سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے بیراں تھب علاقے میں منگل کی شام شروع ہونے والاملی ٹینسی مخالف آپریشن دوسرے روز بھی پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر محاصرے میں لے کرملی ٹینٹوں کی تلاش کے لئے وسیع تلاشی مہم شروع کر رکھی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، یہ تصادم کنڈی پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے بیراں تھب علاقے میں اس وقت شروع ہوا جب اسپیشل آپریشن گروپ کی ٹیم اور گھنے جنگلات میں چھپے ملی ٹینٹوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ منگل کی شام تقریباً سات بجے ابتدائی جھڑپ کے بعد فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی اضافی نفری فوری طور پر علاقے میں روانہ کی گئی۔ سیکورٹی فورسز نے بیراں تھب اور اس کے ملحقہ علاقوں کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔بدھ کو بھی آپریشن جاری رہا اور اہم مقامات جیسے مندر گالہ، بیراں تھب، پنجناڑہ اور ساکری کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے سے روکا جا سکے۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ زمینی دستوں کی مدد کے لئے فضائی نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ گھنے جنگلات میں چھپے عسکریت پسندوں کا پتہ لگایا جا سکے۔سینئر فوجی اور پولیس افسران موقع پر موجود ہیں اور پوری کارروائی کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔بیراں تھب علاقہ پیر پنجال پہاڑی سلسلے کے نزدیک واقع ہے اور گھنے جنگلات سے گھرا ہوا ہے، جس کی وجہ سے سیکورٹی فورسز کو آپریشن کے دوران سخت چیلنجز کا سامنا ہے تاہم حکام نے کہا ہے کہ ملی ٹینٹوں کو جلد ہی بے اثر کر دیا جائے گا اور علاقہ میں مکمل امن و امان بحال کیا جائے گا۔