اشتیاق ملک
ڈوڈہ// سیشن کورٹ بھدرواہ نے ملی ٹینسی کے الزام میں 6برس سے گرفتار ملزم کو سرپنچ کے قتل میں ملوث مجرم قرار دے کر عمر قید کی سزا سنائی ہے۔پولیس میڈیا سیل ڈوڈہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پولیس نے ایک ملی ٹینٹ ملزم عرفان علی ولد شفقت علی تحصیل کلہوتران گندوہ کو رنبیر پینل کوڈ کی دفعات 302/34اور آرمز ایکٹ کی دفعہ 7/27کے تحت عمر قید کی سزا دلوا دی ہے۔پولیس بیان کے مطابق اس معاملہ کا آغاز 04جولائی 2002کو پولیس سٹیشن گنڈوہ میں درج ایف آئی آر نمبر 57/2002کے طور پر ہوا تھا، جب ملزم نے اپنے ایک عسکری تنظیم سے وابستہ ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسوقت کے سرپنچ چنگا شیر محمد کا بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔اس ہولناک قتل کو انجام دینے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔کیس کی تفصیلی تحقیقات جو اُس وقت کے پولیس سٹیشن گنڈوہ کے ایس ایچ او کی زیرِ نگرانی میں کی گئی، 28مئی 2019کو پرنسپل سیشن جج بھدروہ کی عدالت میں چالان پیش کیا گیا۔ملزم 2019سے عدالتی تحویل میں تھا۔چھ سال سے زیادہ جاری رہنے والے ایک طویل ٹرائل کے بعد سیشن کورٹ بھدروہ نے بدھ کو شنوائی کے دوران ملزم کو اس وحشیانہ فعل کا مرتکب پایا اور اسے عمر قید کی سزا سنائی۔کیس کی پیروی کے کے بندرال چیف پراسیکیوٹنگ آفیسر بھدروہ نے کی۔پولیس نے بتایا کہ یہ سزا ملی ٹینسی متاثرین کو انصاف دلانے اور ضلع میں امن، انصاف اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے ڈوڈہ پولیس کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔