عظمیٰ نیوز سروس
جے پور// راجستھان میں گزشتہ دیر رات بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ جے پور-اجمیر ہائی وے پر ایل پی جی سلنڈروں سے لدے ایک ٹرک اور کیمیکل لے جانے والے ایک ٹینکر میں بھیانک ٹکر ہوگئی۔ دونوں گاڑیوں کی ٹکراس قدر بھیانک تھی کہ اس سے سلنڈر لے جانے والے ٹرک میں زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز کئی کلومیٹر دورتک سنی گئی۔ حادثے کے بعد دونوں ٹرک آگ کا گولہ بن گئے جو کئی کلومیٹر دور تک دکھائی دے رہا تھا۔ سلنڈر کے ٹکڑے آس پاس موجود گاڑیوں پر گرے جس سے ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔حادثے میں ٹینکر ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ٹرک ڈرائیور کے بھی زندہ جلنے کا خدشہ ہے۔ غنیمت رہی کہ سڑک پر آس پاس موجود لوگوں کے درمیان کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم واقعہ میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔یہ حادثہ جے پور شہر سے تقریباً 70 کلومیٹر دوردودو علاقے میں پیش آیا۔ آج علی الصبح جے پور- اجمیر ہائی وے پر 25 کلو میٹر طویل ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔ یہ ٹریفک جام گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے کیونکہ آگ بجھانے کے بعد ملبہ صاف کرنے میں وقت لگ رہا ہے۔سلنڈروں سے بھرے ٹرک میں آگ لگنے اور پھٹنے سے کئی لوگوں کے زخمی ہو نے کے اندیشے سے وزیر اعلی بھجن لال شرما فوراً حرکت میں آگئے۔ انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ پریم چند بیروا کو جائے وقوعہ کے لیے روانہ کیا۔ وزیراعلیٰ کے احکامات کے بعد جائے حادثہ سے شہر کے مرکزی اسپتال تک کے راستے کو گرین کوریڈور میں تبدیل کردیا گیا۔ جے پور پولیس کمشنر کی قیادت میں راحت اور بچاؤ کام تیزی سے جاری ہے۔