عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات فروشوں کے خلاف بھر پور کارروائیوں کا جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں دو منشیات فروشوں کی لاکھوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادوں کو منسلک کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ اونتی پورہ پولیس نے دو یک منزلہ دہائشی مکانوں کو منسلک کر دیا جن کی مالیت تقریباً 18 لاکھ روپیے بتائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مکانات دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے ہیں جن کی شناخت مظفر احمد شالہ ولد گل محمد شالہ ساکن کریوا جبلی پورہ بجبہاڑہ اور جا وید احمد گنائی داماد مرحوم علی محمد راتھر ساکن گنڈ بابا خلیل نائینہ سنگم کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جائیدادوں کی یہ ضبطگی این ڈی پی ایس ایکٹ کی 1985 کی دفعہ 68 – ایف کے تحت عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مذکوہ جائیدادیں منشیات اور نفسیاتی مواد کی خرید و فروخت سے حاصل شدہ آمدنی سے خریدی گئی تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ علاوہ ازیں دونوں ملزم کئی مقدموں میں ملوث ہیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ دونوں ملزم اس وقت ضلع سب جیل پلوامہ میں عدالتی حراست میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی اونتی پورہ پولیس کی اس مسلسل مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد منشیات کے کارو بار کی مالی بنیادوں کو ختم کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس منشیات فروشوں اور ان کی غیر قانونی جائیدادوں کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائیاں کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
اونتی پورہ میں 2 منشیات فروشوں کی لاکھوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط: پولیس
