محتشم احتشام
پونچھ// تحصیل منڈی کی اہم شاہراہ منڈی تا ساؤجیاں اس وقت انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ گڑھے پڑے ہوئے ہیں جن سے گاڑیوں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات اور یاددہانیوں کے باوجود متعلقہ محکمے اور عوامی نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ سڑک کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ معمولی بارش کے بعد بھی سفر کرنا کسی عذاب سے کم نہیں رہتا۔ کئی جگہوں پر سڑک اس قدر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے کہ گاڑیاں پھنس جاتی ہیں، جب کہ پیدل چلنے والوں کے لئے بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ اور عوامی نمائندے صرف دعوے کرتے ہیں، لیکن زمینی سطح پر کوئی عملی قدم نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہاافسوسناک بات یہ ہے کہ عوام نے اب اپنی مدد آپ کے تحت گڑھوں کو مٹی اور پتھروں سے بھرنا شروع کر دیا ہے تاکہ روزمرہ کی آمدورفت ممکن بن سکے۔ مقامی شہریوں نے کہا کہ اگر عوامی نمائندے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر سکتے تو کم از کم عوامی فنڈز ضائع کرنے کے بجائے ان سڑکوں کی مرمت پر خرچ کئے جائیں۔شہریوں نے پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ اور ضلع انتظامیہ پونچھ سے فوری کارروائی کی اپیل کی ہے تاکہ اس اہم رابطہ سڑک کو قابلِ استعمال بنایا جا سکے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ساؤجیاں روڈ نہ صرف مقامی آبادی کے لیے بلکہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے بھی زندگی کی شاہراہ ہے، اس کی خستہ حالی سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔شہریوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر جلد مرمتی کام شروع نہ کیا گیا تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔