عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرینگر کے حبہ کدل کے گنپت یار علاقے میں آج صبح ایک بھیانک آتشزدگی واردات میں تین رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہو گئے۔ یہ علاقہ کرال کھڈ پولیس اسٹیشن کے تحت آتا ہے۔ آگ لگنے کے بعد مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد شعلوں پر قابو پایا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک افسر نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی گاؤکدل، حبہ کدل اور ہیڈکوارٹر کمانڈ سرینگر سے فائر ٹینڈرز فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کیے گئے، جبکہ بابا ڈیمب فائر اسٹیشن سے بھی اضافی کمک طلب کی گئی تاکہ تیزی سے پھیلتی آگ پر قابو پایا جا سکے۔
عینی شاہدین کے مطابق، آگ بھڑکنے کے چند ہی لمحوں میں گھنے دھوئیں اور شعلوں نے رہائشی مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلنے پر مجبور ہو گئے۔ علاقے کی تنگ گلیاں اور گنجان بستی ہونے کے سبب فائر فائٹرز کو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے قریبی مکانات کو آگ کی زد میں آنے سے بچا لیا۔
محکمہ کے ایک اہلکار نے بتایا،’’فائر ٹیموں کی بروقت کارروائی کے باوجود تین رہائشی مکانات جل گئے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ فائر فائٹرز نے کئی گھنٹے تک متعدد فائر ٹینڈرز اور پانی کے ذرائع استعمال کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری رکھی۔
حبہ کدل کے گنپت یار علاقے میں آگ آتشزدگی ، تین رہائشی مکان خاکستر
