عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ /ڈوڈہ ضلع کے پہاڑی علاقوں میں آج دوسرے روز بھی برفباری و میدانی علاقوں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ادھر ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر ریگی نالہ کے مقام پر بھاری پسی گر آئی تھی جس کی زد میں دو گاڑیاں پھنس گئیں تھیں تاہم ایک گھنٹہ بعد ٹریفک کو بحال کیا گیا، وہیں ٹھاٹھری ڈوڈہ شاہراہ پر شبنوت پریم نگر کے نزدیک پتھر گرنے کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں ٹریفک نظام متاثر ہوا ہے۔
بجلی کے 33 کے وی میں خرابی آنے کے باعث ٹھاٹھری، گندوہ بھلیسہ کے درجنوں دیہات گھپ اندھیرے میں ہیں، ضلع میں دوسرے روز بھی سکول بند رہے۔انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے غیر ضروری سفر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ابھی محکموں کو متحرک رکھا گیا ہے اور عوامی مسائل کا ترجیح بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔
ضلع ڈوڈہ کے پہاڑی علاقوں میں دوسرے روز بھی برف باراں کا سلسلہ جاری
