عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//محکمہ زراعت پیداوار و بہبودِ کسانان، سب ڈویژن مینڈھر، ضلع پونچھ کی جانب سے مرکزی اسپانسر شدہ اسکیم مشّن برائے جامع ترقیاتِ باغبانی (MIDH) کے تحت ایک شاندار کسان میلہ منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام ڈائریکٹر زراعت جموں، شری انل گپتا کی رہنمائی اور نگرانی میں منعقد ہوا۔میلے کا افتتاح چیف ایگریکلچر آفیسر پونچھ شری جوگراج سلاتھیہ اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر شری عمران رشید کٹاریہ نے کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں افسران، ترقی پسند کسان، خود روزگار گروپ کے اراکین اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندے موجود تھے۔ تقریب میں 300 سے زائد کسانوں نے شرکت کی۔میلے میں زراعت، باغبانی، مویشی پالن، بھیڑ پالن، ماہی پروری، ریشم کے شعبے، کے وی کے پونچھ اور بینکنگ سیکٹر کے افسران نے مختلف سرکاری اسکیموں جیسے پردھان منتری کسان سمان ندھی،پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا ،راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا ،مشّن فار انٹیگریٹڈ ڈیو لپمنٹ آف ہارٹیکلچر،آئی ڈی ڈی ایس، راشٹریہ گوکل مشن اور بلیو ریولوشن کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔نمائش میں بہتر بیج، جدید زرعی مشینری، پودے لگانے کے معیاری مواد، نامیاتی کھادیں اور دیگر زرعی اختراعات کے اسٹالز بھی لگائے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگریکلچر آفیسر پونچھ شری جوگراج سلاتھیہ نے کہا کہ کسان جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنائیں، فصلوں میں تنوع لائیں اور مربوط زراعت کے ماڈلز پر عمل کریں تاکہ آمدنی کو دوگنا کرنے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے مینڈھر سب ڈویژن کی ٹیم کی کسانوں کو نچلی سطح پر منظم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ایس ڈی ایم مینڈھر عمران رشید کٹاریہ نے محکمہ زراعت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے میلوں سے کسانوں، ماہرین، اور متعلقہ اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر آنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو زراعت کو کاروبار کے طور پر اپنانے کی ترغیب دی اور خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے پر زور دیا۔