عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری قصبہ کے کھیوڑہ علاقے میں بنائی گئی پلی اس وقت مسافروں، مریضوں اور ٹرانسپورٹروں کے لئے شدید مشکلات کا باعث بن چکی ہے۔ یہ پلی گورنمنٹ میڈیکل کالج سے منسلک ہسپتال کے قریب، پی جی کالج، تھنہ منڈی اور بس اسٹینڈ جانے والی اہم سڑک کے وسط میں واقع ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ پلی گزشتہ کئی برسوں سے تباہ حالت میں ہے، لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے اب تک اس کی مرمت کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔علاقہ مکینوں اور روزانہ سفر کرنے والے ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ پلی کی خستہ حالی کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت میں دقت پیش آ رہی ہے، جبکہ برسات کے موسم میں یہاں پانی بھرنے سے صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے۔ کئی بار چھوٹے حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں، مگر انتظامیہ کی خاموشی قابل افسوس ہے۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ متعدد بار شکایات درج کرانے اور متعلقہ محکموں کو مطلع کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر مرمت نہ کی گئی تو یہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔عوام نے ضلع انتظامیہ اور تعمیراتِ عامہ کے محکمہ سے اپیل کی ہے کہ پلی کی مرمت کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں، مریضوں اور طلباء کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔