گلمرگ ، پیر کی گلی،سنتھن ٹاپ، زوجیلا، بنگس اور گریز میں سفید چادر بچھ گئی
سرینگر//محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید برف و باراں کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق کپوارہ اور بھدرواہ میںدسمبر کی سردی محسوس کی گئی جہاں درجہ حرارت 10ڈگری سے کم ریکارڈ کیا گیا۔غیر متوقع برف باری اور بارش کے باعث درجہ حرارت میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے۔وادی میں دن کے درجہ حرارت میں تقریباً 10 ڈگری کمی واقع ہوئی، شہر میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ایک دن پہلے یہ 22.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ امسال غیر متوقع طور پر اکتوبر میں ہی بالائی علاقے برفباری کی لپیٹ میں آگئے، جس سے سردی میں بھی غیر متوقع طور پر اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں ستمبر کے مہینے میں بھی برفباری ہوئی ہے۔وادی میں 11اکتوبر 2021کو اُس موسم کی پہلی برفباری ہوئی تھی۔ جبکہ 16نومبر 2020کو پہلی برفباری گلمرگ میں ریکارڈ کی گئی تھی۔2022میں وادی میں پہلی برفباری 2اکتوبر کودرج کی گئی تھی۔لیکن اسکے بعد طویل خشک سالی ہوئی اور 22جنوری کو بھاری برفباری ہوئی تھی۔2023میں 27ستمبر کو گلمرگ سمیت بالائی علاقوں میں برفباری ریکاڑڈ کی گئی تھی۔سرینگر میں 2024کے موسم سرما کی پہلی برف باری 27 دسمبر کو ہوئی، جس سے طویل خشک موسم کا دورانیہ ٹوٹا تھا۔
اس سے قبل، 24 دسمبر 2024 کو، کشمیر کے اونچے علاقوں میں کچھ برفباری ہوئی تھی، اور اس خطے کے لیے مجموعی طور پر سیزن کی پہلی برف باری11 نومبر 2024 میں نوٹ کی گئی تھی۔ وادی کے چاروں طرف بالائی علاقوں اننت ناگ ضلع کے سنتھن ٹاپ، گلمرگ کے افروٹ، سونہ مرگ کے زوجیلا پاس، کپواڑہ میں وادی بنگس اوروادی گریز میں رازدان پاس اور پیر کی گلی سمیت دیگر بالائی علاقوں میں غیر متوقع برفباری ہوئی جس کے بعد دن میں اور شام دیر گئے تیز ہوائیں چلیں جس سے سردی نے زور پکڑا اور دسمبر کی سردی محسوس ہونے لگی ہے۔سرینگر میں 12.5،قاضی گنڈ میں 13.5، پہلگام میں 9.2، کپوارہ میں 10.8، کوکر ناگ میں 12.1اور گلمرگ میں 4.4ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ 7 اکتوبر کی دوپہر تک میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے جس کے بعد موسم میں بتدریج بہتری متوقع ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 8 اکتوبر کو بھی کہیں کہیں ہلکی بارشوں کے مختصر مرحلوں کا امکان ہے۔ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں 9 سے 16 اکتوبر تک جموں وکشمیر میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ایڈوائزری کے مطابق کشمیر، پیر پنچال اور چناب وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری جبکہ جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری متوقع ہے۔وادی چناب کے علاقوں کے ساتھ ساتھ ضلع رام بن میں بھی پیر کو بارشیں ہوئیں اور وادی چناب میں پیر پنچال پہاڑی سلسلے کی بیشتر پہاڑی چوٹیوں پر اس موسم کی پہلی برفباری ہوئی ۔ضلع رام بن میں تحصیل کھڑی میں مہو منگت ، کشتواڑ اور ڈوڈہ کے بالائی علاقوں کے علاوہ پیر پنچال خطہ کے راجوری اور پونچھ کے بالائی علاقوں بشمول سرنکوٹ، بفلیاز ، سوجیاں اور لورن منڈی میں بھی ہلکی برفباری ہوئی ۔ حکام نے بتایا کہ اننت ناگ ضلع کے سنتھن ٹاپ، گلمرگ کے افروٹ، زوجیلا پاس، کپواڑہ میں بنگس اوروادی گریز میں رازدان پاس اور پیر کی گلی سمیت دیگر بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی جبکہ سرینگر شہر سمیت کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔ضلع کپوارہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں اتوار کی شام سے جم کر بارشیں ہو ئیں۔ پیر کی صبح سے پہا ڑی علاقوں کمکڑی ،بڈنمل ،نستہ ژھن گلی ،فرکیا ں گلی اور زیڈ گلی میں ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔مغل روڈ کے ذریعے پونچھ اور شوپیان اضلاع کو جوڑنے والے پہاڑی درے پیر کی گلی میں پیر کے روز تازہ برف باری ہوئی۔ہلکی برف باری دوپہر میں شروع ہوئی اور جلد ہی پیر کی گلی کے بالائی حصے میں برف کی پرت بچھ گئی۔پیر کی گلی میں یہ اس موسم کی پہلی برفباری تھی۔ادھرکوکرناگ کے بالائی علاقوں میں جاری برفباری کے پیش نظر، انتظامیہ نے سنتھن ٹاپ اور مرگن ٹاپ کی طرف جانے والے راستوں پر نقل و حرکت کو منظم کرنے کے لیے موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ایس ڈی ایم کوکرناگ کے ذریعہ جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق ڈکسم اور گاورن اطراف سے سنتھن ٹاپ اور مرگن ٹاپ کی طرف نقل و حرکت متعلقہ محکموں کے ذریعہ سڑک کی منظوری اور حفاظتی جائزوں پر منحصر ہوگی۔تمام گاڑیوں کے آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر بشمول اسنو سکڈ چینز کا استعمال کریں۔