محمد تسکین
بانہال // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق پیر کی علی الصبح سے صوبہ جموں کے باقی حصوں کی طرح ضلع رام بن میں بھی وقفے وقفے سےبارشوں کا سلسلہ شام تک جاری تھا تاہم بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کا نفاذ جہاں سختی سے جاری ہے وہیں شاہراہ کا استعمال کرنے والے ہزاروں لوگوں اور ٹریفک حکام کیلئے دشواریوں کا باعث بنی تھرڑ ادہم پور کے متاثرہ سیکٹر میں میکڈم بچھانے کا کام اتوار کی رات دیر گئے مکمل کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق پیر کی صبح سے ادہم پور ، رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں شروع ہوئی بارشوں کا سلسلہ وقفے کے ساتھ آج شام تک جاری تھا اور تاہم صبح کے اوقات میں اس میں شدت تھی تاہم دوپہر بعد اس میں تھوڑٰ کمی واقع ہوئی اور رک رک کر بارشوں کے کئی ادوار ہوئے تاہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی اثر انداز ہوئے بغیر جاری رہی۔ٹریفک پولیس نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پیر کی شام تک جموں سرینگر قومی شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کا عمل بغیر کسی دشواری کے جاری تھا اور ٹریفک پولیس کی طرف سے صبح سات بجے سے دس بجے تک قاضی گنڈ ۔ بانہال ٹنل پار کرنے کی عائد بندشوں کے ساتھ مسافر گاڑیوں نے سرینگر سے جموں کا سفر کیا جبکہ مال بردار ٹریفک کو جموں سے وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت تھی ۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن راجہ عادل حمید نے بات کرتے ہوئے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت ٹریفک ایدوائزری اور پلان کے مطابق جاری ہے اور پیر کی شام تک بارشوں سے شاہراہ پر کسی بھی قسم کا کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر سے مسافر ٹریفک اور جموں سے مال اور ایندھن بردار گاڑیوں کو وادی کشمیر کی طرف نکالنے کا عمل شام تک جاری تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کئی روز کے کام کے بعد نیشنل ہائے وے اتھارٹی اف انڈیا نے تھرڑ ادہم پور کے متاثرہ مقام پر میکڈم بچھانے کا کام اتوار کی رات دیر گئے مکمل کیا ہے تاہم علاقے میں ہورہی بارشوں کی وجہ سے تھرڑ میں شاہراہ کی بہتری کا مزید کام معطل کر دینا پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادہم پور کے تھرڑ علاقے میں سڑک کو میکڈم بچھا کر بہتر صورتحال میں لایا گیا ہے اور ابھی یہاں پانی کی نکاسی کیلئے نالیوں سمیت دیگر کام کو انجام دینا باقی ہے ۔انہوں نے کہا محکمہ موسمیات نے منگل کیلئے بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور گاڑی والوں اور شاہراہ کا سفر کرنے والے مسافروں سے اپیل کہ وہ شاہراہ کی صورتحال کے بارے میں ضروری جانکاری حاصل کرنے کے بعد اور ٹریفک پولیس کی طرف سے روزانہ جاری کی جانے والی ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق ہی سفر کریں۔