عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ راجیہ سبھا انتخانات کے سلسلے میں کانگریس نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت لے گی۔
موصوف ترجمان اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
راجیہ سبھا الیکشن میں کانگریس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘کانگریس نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ رابطہ کیا ہے، وہ الائنس پارٹنر ہے لہذا ان کا حق بنتا ہے تاہم حتمی فیصلہ پارٹی ہائی کمانڈ کو لینا ہے، ابھی ایک ہفتے کا وقت ہے جو فیصلہ لینا ہے وہ لیا جائے گا’۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت بیٹھے گی اور اس الیکشن کے لئے امید واروں کے جو نام ہوں گے وہ میڈیا کے ساتھ شیئر کئے جائیں گے۔
تنویر صادق نے کہا: ‘پارٹی میں کچھ آوازیں ایسی بھی ہیں جو کہتی ہیں کہ نیشنل کانفرنس نے اسمبلی انتخابات میں قربانیاں دیں اب یہ انتخابات آزاد لڑنے چاہئے’۔
انہوں نے کہا: ‘جب ہماری پارٹی میں قد آور لیڈر موجود ہیں تو باہر سے لیڈروں کو لانے کی ضرورت بھی نہیں ہے’۔
چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) بارہمولہ کے حالیہ سرکلر جس میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ملازموں کو سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے بارے میں خبر دار کیا گیا ہے، کے بارے میں پوچھے جانے رکن اسمبلی نے کہا: ‘اس طرح کا حکم نامہ پہلے سال 2017 میں اس وقت جاری ہوا جب محبوبہ مفتی وزیر اعلیٰ تھیں اگر اس وقت ایسے حکم نامے ٹھیک تھے تو آج بھی ٹھیک ہیں اگر اس وقت غلط تھے تو آج بھی غلط ہیں’۔ انہوں نے کہا کہ اس حکمنامے میں نظر ثانی کی جائے گی۔
کانگریس نے راجیہ سبھا الیکشن کے لئے نیشنل کانفرنس کے ساتھ رابطہ کیا: تنویر صادق
