عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/ضلع بڈگام میں پولیس نے ”کشمیر اسپیکس“ نامی فیس بک پیج کے منتظم کے خلاف سوشل میڈیا پر غلط اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔
پولیس کے ترجمان نے جاری ایک بیان میں بتایا کہ پولیس اسٹیشن خانصاحب میں گھوڑے کے قتل کے ایک واقعے سے متعلق ایف آئی آر نمبر 165/2025 درج کی گئی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ واقعہ متعلقہ فریقین کے درمیان ذاتی جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا تھا۔ تاہم، 05/10/2025 کو یہ بات سامنے آئی میں آئی کہ مذکورہ فیس بک پیج نے ایک فرضی خبر شائع کی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گھوڑے کو اس کا گوشت مارکیٹ میں فروخت کرنے کے لیے مارا گیا ہے۔ اس جھوٹی خبر نے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔
بیان کے مطابق، اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن خانصاحب میں ایف آئی آر نمبر 187/2025 بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعہ 353(2) کے تحت درج کی گئی ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس بڈگام نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ اور جھوٹی معلومات شیئر یا پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے عوامی امن و امان میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔ پولیس نے خبردار کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جو اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث پائے جائیں گے۔
فرضی خبر پھیلانے کے الزام میں فیس بک پیج اور صحافی کے خلاف مقدمہ درج
