عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بارہمولہ ضلع کے رفیع آباد اور اس سے ملحقہ علاقے میں ہفتہ کی شام تیز ہوائوں کے ساتھ زبردست ژالہ باری نے تباہی مچا دی، جس سے سیب کے باغات اور کھڑی دھان کی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا۔طوفان اس وقت آیا جب سیب کی کٹائی اپنے عروج پر تھی، جس نے باغات کے بڑے حصے کو تباہ کر دیا اور دھان کے کھیت وں کو نقصان ہوا۔ کسانوں نے اس واقعے کو حالیہ برسوں میں سب سے زیادہ تباہ کن ژالہ باری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے کئی مہینوں کی محنت کو منٹوں میں ختم کر دیا۔ ڈنگی وچھہ میں ژالہ باری نے باغات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا اورجو سیب منڈی کے لیے تیار تھے، وہ زمین پر گرے۔رفیع آباد بھر سے آنے والی رپورٹس بتاتی ہیں کہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دیہات میں روہامہ، ڈنگی وچھہ، ہادی پورہ اور سوپور کے کئی حصے شامل ہیں۔ ان علاقوں میں پھلوں کے کاشتکاروں نے بتایا کہ اولے غیر معمولی طور پر بڑے تھے اور تقریباً 15 منٹ تک برقرار رہے، اس کے ساتھ تیز ہوائیں بھی تھیں۔لوگوں کا کہنا تھا کہ شام کے وقت اچانک ژالہ باری ہوئی، اس سے پہلے گہرے بادل چھائے ہوئے تھے اور ہوا کے تیز جھونکے نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ چند ہی منٹوں میں، بھاری اولے گرنے لگے، جس سے چھتوں، پھل دار درختوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔