آج سے 7اکتوبر تک بالائی و میدانی علاقوں میں مزید برف و باراں متوقع
سرینگر// وادی کشمیر کے سیاحتی مقامات افروٹ گلمرگ، سنتھن ٹاپ کوکر ناگ اور گریز کے رازدان ٹاپ پر سیزن کی پہلی برف باری ہوئی ہے جبکہ سرینگر سمیت وادی کے کئی علاقوں میں جمعہ کی صبح بارشیں ہوئیں۔ گلمرگ کی چوٹیوںنے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب برف کی سفید چادر اوڑھ لی جس نے اس سیاحتی مقام کا حسن و جمال مزید دو بالا کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق، کشمیر کے بالائی علاقوں میں جمعہ کو موسم کی پہلی برف باری ہوئی اور آنے والے دنوں میں مزید برف باری کی توقع ہے۔حکام نے بتایا کہ افروٹ اور جنوب میں اننت ناگ ضلع میں سنتھن ٹاپ ان جگہوں میں شامل تھے جہاں برف باری ہوئی ہے۔اسکے علاوہ رازدان ٹاپ گریز میں بھی برفباری ہوئی اور پیر کی گلی میں بھی معمولی برف گری۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ اتوار سے ایک فعال مغربی ڈسٹربنس سے جموں و کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں کو متاثر کرنے کا سب سے زیادہ امکان ہے۔ ایک ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس نظام کے زیر اثر، جموں و کشمیر میں 5 اکتوبر سے 7 اکتوبر تک وسیع پیمانے پر ہلکی سے اعتدال پسند بارش/برفباری متوقع ہے، جس میں 5 رات سے 7 کی صبح تک سرگرمیاں عروج پر ہوں گی” ۔اس میں کہا گیا ہے کہ اننت ناگ-پہلگام، کولگام، سنتھن پاس، شوپیان، پیر کی گلی، سونمرگ،زوجیلا، بانڈی پورہ،رازدان پاس، گلمرگ اور کپواڑہ کے سادھنا پاس پر درمیانے درجے سے بھاری برف باری کا امکان ہے۔ایڈوائزری کے مطابق وسط تک ہلکی برفباری اور کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش کا بھی امکان ہے۔ادھرشمالی کشمیر کی وادی گریز میں جمعہ کی صبح موسم کی پہلی ہلکی برفباری ہوئی، جس سے پورے خطے میں سرد موسم کا آغاز ہو گیا ۔مقامی رپورٹس کے مطابق، تلیل کی چوٹیوں سمیت اونچائیوں پر برف کی تازہ تہہ گری، جب کہ نچلے علاقوں میں بارش ہوئی۔