عظمیٰ نیوزڈیسک
یروشلم// اسرائیلی فورسز نے جمعہ کو جنگ سے تباہ حال غزہ کی اسرائیل کی سمندری ناکہ بندی کو توڑنے کی کوشش کرنے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی کو بھی روک دیا۔ اب تک اسرائیلی فوج نے 50 کشتیوں میں سوار تقریباً 450 سماجی کارکنوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔اسرائیل کی اس کارروائی کے خلاف دنیا کے مختلف شہروں میں احتجاج مظاہرے جاری ہیں۔نتن یاہو حکومت میں شامل ایک انتہائی دائیں بازو کے اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے زیر حراست فلوٹیلا کارکنوں کا سامنا کیا اور ان کے امدادی اقدام کا مذاق اڑایا۔ اس نے ایک وائرل ویڈیو میں سماجی کارکنوں پر “دہشت گردی” کی حمایت کا الزام لگایا۔فوٹیج میں کارکنان کو فرش پر ٹانگیں لگائے بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ بین گویر کھڑے ہو کر اپنے الزامات پیش کر رہا ہے۔ ایک شخص کو “آزاد فلسطین” کا نعرہ لگاتے ہوئے سنا گیا ہے لیکن فوٹیج سے فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ کون تھا۔آخری کشتی، میرینیٹ، باقی کشتیوں کے پیچھے چل رہی تھی اور جمعہ کے اوائل میں فلسطینی سرزمین کی طرف روانہ ہو رہی تھی، جس کے ایک دن بعد اسرائیلی بحریہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا میں 41 دیگر کشتیوں پر دھاوا بول دیا اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔