عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھرنے جمعہ کو کہا کہ عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے معراج ملک کی آئندہ اجلاس میں شرکت اس بات پر منحصر ہوگی کہ آیا عدالت انہیں اجازت دیتی ہے یا نہیں۔
نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ ’’یہ عدالت کی اجازت پر منحصر ہے۔ اس کے لیے انہیں عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔ اگر حکومت اجازت دیتی ہے تو ان کا آنا بہتر ہوگا۔‘‘
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے معراج ملک کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا تھا۔
پی ڈی پی ایم ایل اے وحید الرحمان پرہ کو دیے گئے وجہ بتاؤ نوٹس کے بارے میں سوال پر اسپیکر نے کہا کہ ان کا جواب فی الوقت زیرِ غور ہے۔
انہوں نے کہا، ’’انہوں نے گمراہ کن بیان دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی سیکریٹریٹ نے پی ایس اے کی توثیق کی ہے، جبکہ ہمارا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔ پی ایس اے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عائد کرتا ہے۔‘‘
خیال رہے کہ اسمبلی سیکریٹریٹ نے وحید الرحمان پرہ کو سوشل میڈیا پوسٹ پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسمبلی سیکریٹریٹ نے ایم ایل اے معراج ملک کی پی ایس اے کے تحت حراست کی توثیق کی ہے۔
اپنی پوسٹ میں پرہ نے کہا تھا:
’’شرمناک پسپائی۔ اسمبلی سیکریٹریٹ کا ایک منتخب ایم ایل اے پر پی ایس اے کی توثیق کرنا جمہوریت پر براہِ راست حملہ ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو کارروائی کرنی چاہیے، ایم ایل اے کے ادارے کو خاموش نہ ہونے دیں۔ آج معراج ہے، کل یہ آپ بھی ہوسکتے ہیں۔‘‘
اسپیکر نے کہا کہ خزاں اجلاس کے لیے عارضی کیلنڈر مرتب کرنے کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا، ’’میرا خیال ہے کہ اس اجلاس میں 5 یا 7 سے زیادہ نشستیں نہیں ہوں گی۔ یہ مختصر اجلاس ہوگا۔ یہ سرکاری کام پر منحصر ہے۔ ایک یا دو دن میں سرکاری کاروبار کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی جس کے بعد عارضی کیلنڈر جاری کیا جائے گا۔
اسمبلی اجلاس میں معراج ملک کی شرکت عدالتی اجازت پر منحصر: اسپیکرراتھر
