سیلف ہیلپ گروپوںکے ذریعہ تیارکردہ مصنوعات خریدنے پر زور
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہانے کل مہاتما گاندھی کو ان کی جنم جینتی پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے کہا کہ باپو کے نظریات پوری اِنسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہیں اور نوجوان نسل میں عدم تشدد، سچائی، رواداری اور ہمدردی کی اَقدار اُبھارنا معاشرے کی اِجتماعی ذمہ داری ہے ۔اُنہوں نے کہا،’’ہم ایسے دور میں جی رہے ہیں جب عالمی چیلنجز امن و استحکام کونقصان پہنچانے کے لئے خطرہ ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر سری نگر میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 156ویں یوم پیدائش کی تقریب کی یاد میں منعقدہ یو ٹی سطح کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔اُنہوں نے اَپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت باپو کے خوابوں کو حقیقت میں بدل رہی ہے۔منوج سِنہانے مزید کہا،’’وہ اصول یعنی بے لوث خدمت (سیوا) اور فرائض (کرتاویہ) جن کے لئے گاندھی جی نے اَپنی زِندگی وقف کی ،ہمیں ’’وِکست بھارت‘‘ کی تعمیر کے سفر میں ہماری رہنمائی کریں گے۔ معاشی خوشحالی کے ساتھ ہم ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کے لئے پُرعزم ہیں جو اَخلاقی قوت سے مزین ہو اور مساوات و انصاف پر مبنی ہو۔‘‘اُنہوں نے لوگوںپر زور دیا کہ وہ سودیشی مصنوعات اَپنائیں اور سیلف ہیلپ گروپوں اور مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم اَنٹرپرائزز (ایم ایس ایم اِی) کے ذریعہ تیار کردہ مصنوعات خریدیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’اپنی جڑوں اور ہندوستان کی لازوال جذبے کو یاد رکھیں جب آپ مستقبل کی راہ طے کر رہے ہوں۔ معاشرے اور فطرت کو ہم آہنگی کے ساتھ ہونا چاہیے۔ تحقیق و ترقی پر توجہ مرکوز کریں۔ ہمیں یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبے خوشحال معیشت کے لئے ہم آہنگی سے کام کریں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے سابق وزیر اعظم شری لال بہادر شاستری کی یوم پیدائش پر بھی لوگوں کو مُبارک باد دی۔محکمہ سکولی تعلیم اور محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں ’سیوا پَرو‘ کی اِختتامی تقریب بھی منعقد ہوئی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَضلاع اور سکولوں کو ’سیوا پَرو‘ کے دوران بہترین اور شاندار کارکردگی دِکھانے پر مُبارک باد دِی ۔ اُنہوں نے گاندھی گلوبل فیملی، سنت نرنکاری مشن اور ہر گھر ترنگا مہم کے رضاکاروں کو بھی اعزازات سے نوازا۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، صدر گاندھی گلوبل فیملی جموں و کشمیر پدم شری ڈاکٹر ایس پی ورما، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم شانت منو، پرنسپل سیکرٹری ثقافت برج موہن شرما، سیکرٹری سکولی تعلیم رام نواس شرما،سینئر آفسران ، تعلیمی اِداروں کے سربراہان، اَساتذہ اور بڑی تعداد میںطالب علموں نے گاندھی جینتی کی تقریبات میں شرکت کی۔