عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//توقع ہے کہ کانگریس پارٹی 24اکتوبر کو ہونے والے چار راجیہ سبھا سیٹوں میں سے ایک پر اپنا دعویٰ پیش کرے گی۔ سینئر لیڈر دگ وجئے سنگھ اس معاملے پر اتحادی پارٹنر، نیشنل کانفرنس کے ساتھ بات چیت شروع کریں گے۔نئی دہلی سے کانگریس کے سرکردہ رہنمائوں نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجئے سنگھ راجیہ سبھا انتخابات میں پارٹی کے لیے ایک سیٹ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا “وہ باضابطہ طور پر اس معاملے کو نیشنل کانفرنس کے ساتھ اٹھائیں گے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنگھ این سی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ یا وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اس معاملے پر بات کریں گے۔سنگھ کو اس سال اپریل میں کانگریس ہائی کمان نے کام کاج کی نگرانی کرنے اور جموں و کشمیر میں دونوں پارٹیوں میں اتحادی شراکت داری کے بارے میں بات چیت کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔انہیں ان معاملات پر جموں و کشمیر کے انچارج اور پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔آنے والے راجیہ سبھا انتخابات میں، این سی-کانگریس اتحاد آرام سے چار میں سے تین سیٹیں حاصل کرنے کے لیے تیار ہے، جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی باقی سیٹ جیتنے کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہے۔موجودہ ایوان کی تشکیل میں، حکمران اتحاد کے پاس 53 ارکان ہیں، جب کہ بی جے پی کے پاس 28 ہیں۔غیر بی جے پی اپوزیشن بلاک میں سات قانون سازتین پی ڈی پی سے، ایک پی سی اور اے اے پی سے اور 2 آزاد شامل ہیں-