محتشم احتشام
پونچھ//سرنکوٹ کے پمروٹ درگاہ میں علاقے کے معروف اور سینئر سیاسی رہنما مرحوم مشتاق احمد بخاری کی برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں عوامی نمائندگان، سرکردہ شہری، سماجی کارکنان اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے مرحوم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب میں خاص طور پر ایم ایل اے سرنکوٹ محمد اکرم چوہدری، ڈی ڈی سی سرنکوٹ سہیل ملک، سابقہ عہدیداران اور کئی سرکردہ سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔سبھی مقررین نے مرحوم بخاری کی عوامی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ کمزور اور پسے ہوئے طبقوں کے سہارا رہے۔مقررین نے کہا کہ مرحوم مشتاق احمد بخاری ایک ایسے قائد تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی مسائل کے حل کے لئے وقف کر دی۔ وہ نہ صرف انصاف کے داعی تھے بلکہ علاقائی ترقی کے لئے بھی ہمیشہ عملی اقدامات کرتے رہے۔انہوں نے کہا مرحوم کے دورِ قیادت میں سرنکوٹ کے عوام کو پہلی بار ایک جرات مند اور بے باک نمائندہ ملا جس نے ان کے مسائل کو ایوانِ اقتدار تک پہنچایا۔شرکاء نے کہا کہ بخاری کی شخصیت صرف سیاست تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ ایک درویش صفت، ملنسار اور انسان دوست شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ وہ ہر وقت عوام کے درمیان موجود رہتے اور ان کی مشکلات کو اپنا فرض سمجھ کر حل کرنے کی کوشش کرتے۔اس موقع پر درگاہ میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا اور مرحوم کی مغفرت کے لئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی۔ عوام نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے مشن اور عوامی خدمات کو آگے بڑھایا جانا چاہیے تاکہ مرحوم کی قربانیوں اور جدوجہد کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔برسی کی تقریب میں شریک معززین نے کہا کہ بخاری کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، کیونکہ وہ نہ صرف ایک عوامی رہنما تھے بلکہ ایک باوقار اور سلجھی ہوئی شخصیت کے مالک بھی تھے جنہوں نے نوجوان نسل کو خدمتِ خلق اور دیانت داری کا درس دیا۔آخر میں مقررین نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ مرحوم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے علاقے کے مفاد اور ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔