محمد تسکین
بانہال//ادھم پورکے تھراڈ علاقے میں تباہ ہوئی قومی شاہراہ جہاںٹریفک مسلسل یکطرفہ اور سست رفتار کا شکار ہے،وہاں تین سو میٹر سڑک کے حصے کو بلیک ٹاپ کرنے کیلئے روڈی وغیرہ بچھانے کا بنیادی کام انجام دیا جا رہا ہے ۔نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کے حکام نے بتایا کہ تھراڈ ادھم پور کے مقام سڑک کی بلیک ٹاپنگ کیلئے تمام میٹریل جمع کیا گیا ہے اور اب سڑک میں ایک بہتری کے بعد میکڈم بچھانے سے پہلے کے بنیادی کام کو انجام دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر موسمی صورتحال کے پیش نظر جلد ہی اس حصے پر میکڈم بچھایا رہا ہے تاکہ اس دلدلی زمین پر بنائی گئی عارضی سڑک سے ٹریفک کی روانی کو معمول پر لایا جا سکے ۔ اس دوران ٹریفک پولیس حکام کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تھراڈادھم پورکے مقام پر شاہراہ مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی ہے اور وہاں یکطرفہ ٹریفک کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت سست رفتار ہے جبکہ سڑک کی ناہمواری ، مال بردار گاڑیوں کے بیچ سڑک میں خراب ہونے اور خانہ بدوش ریوڑوں کی آمد و رفت سے شاہراہ پر ٹریفک کی معمول کی روانی میں مزید مشکلات پیش آرہی ہیں کیونکہ تھراڈ ادھم پور کے تقریباً 250سے 300میٹر تک کا حصہ یکطرفہ ہے اور ٹریفک کو بڑے منظم انداز میں نکالا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کے روز مسافر گاڑیوں کو سرینگر سے جموں کی طرف یکطرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹرکوں کو وجموں اور جکھینی ادھم پور سے وادی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت تھی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر سے جموں کا سفر کرنے والی مسافر بردار گاڑیوں کو صبح 7 بجے سے 10 بجے تک قاضی گنڈ ۔ بانہال ٹنل کو پار کرنے کی اجازت تھی اور اس دوران سرینگر سے جموں کی طرف کسی بھی مسافر گاڑی کو سرینگر کی طرف جانے کی اجازت نہیں تھی ۔اس دوران بدھ کے روز وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے والے سیب سے لدھے ٹرک مکرکوٹ اور بانہال کے درمیان شدید ٹریفک جام کی وجہ کئی گھنٹوں تک درماندہ رہے اور گھنٹوں تک گاڑیوں کی نقل و ٹھپ رہی تاہم بدھ کی رات دیر ٹریفک پولیس نے ٹریفک جام پر قابو پایا اور درماندہ سیب سے لدھے ٹرکوں کو معمول کے ٹریفک میں بحال کیا ۔